سیندک کاپر، گولڈ منصوبے کی استعداد میں 27لاکھ ٹن سالانہ کا اضافہ، سالانہ 70لاکھ ٹن کی پیدوار کی جائیگی
کوئٹہ)ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے ضلع چاغی میں جاری سیندک کاپر،گولڈ منصوبے کی استعداد میں 27لاکھ ٹن سالانہ کا اضافہ کردیا گیا،11ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہونے والے منصوبے سے سیندک سے سالانہ 70لاکھ ٹن کی پیدوار کی جائیگی جبکہ 600افراد کو ملازمتیں ملیں گی۔تفصیلات کے مطابق سیندک کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ میں کنسنٹریشن کی تعداد کار میں اضافے کے لئے نومبر 2022میں نئے 2.75ملین (27لاکھ) ٹن کنسنٹرٹیٹر کی تنصیب کا کا م شروع کیا گیا تھا جو اکتوبر 2023میں منصوبے کی تکمیل کی مقررہ مدت سے 7ماہ قبل مکمل کرلیاگیا۔منصوبے کے تحت سیندک سے سالانہ پیدوار 42لاکھ ٹن سے بڑھ کر 70لاکھ ٹن ہوگئی ہے جبکہ اس پر 11ماہ کے دوران 9کروڑ 29لاکھ 73ہزار ڈالر لاگت آئی ہے۔سینڈ ک میں نصب کئے گئے نئے سسٹم اور مشینری کو 7اکتوبر سے 30اکتوبر تک مختلف مراحل میں ٹیسٹ کرنے کے بعد 18جنوری سے ہیوی آئل فیولڈ پاور پلانٹ سے چلایا جائے گا جبکہ گزشتہ روز منصوبے کا سیندک میں باقاعدہ طور پر افتتاح کردیاگیا۔ افتتاحی تقریب میں میں چیئر مین ایم آر ڈی ایل زینگ زی جون(Zhang Zhijun)،چیئر مین بورڈ آف ڈائریکٹرز سیندک میٹلز لمیٹڈ ڈاکٹر ریحان الحق صدیقی، جنرل منیجر سینڈ ک میٹلز لمیٹڈ نور الحق، خالد گل،رمضان علی، عابد بلال سمیت مقامی قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین ایم آر ڈی ایل زینگ زی جون(Zhang Zhijun)نے کہا کہ 275منصوبہ نا صرف سیندک سے پیدوار بڑھائے گی بلکہ اس سے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی، صوبے کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے افراد کے معیار زندگی میں بہتری، سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات اور چیلنجز کے باوجود بھی منصوبے کی وقت سے پہلے تکمیل خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے 20سال اس منصوبے کر مکلکر کام کیا ہے سی پیک راہداری منصوبے سے ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا جس سے مائننگ کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی دونوں ممالک ملکر ترقی اور امن کے لئے کام کرتے رہیں گے۔