بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز 1122 محدود وسائل اور تربیت میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، امیر محمد جوگزئی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہیلتھ ایمرجنسی 1122 سندھ انچارج برگیڈیئر طارق اور ہیلتھ ایمرجنسی 1122 پایونئیر پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز 1122 کی فعالیت باہمی تعاون، جدید الات، ساز و سامان کی فراہمی اور اہلکاروں کی جدید طرز پر تربیت فراہم کرنے اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلا تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر کہا گیا کہ بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز 1122 کو مکمل فعال کرنے کے لیے دونوں صوبے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے اس سلسلے میں اہلکاروں کی تربیت اور ساز و سامان کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اس کے علاوہ سندھ اور پنجاب کے ایمرجنسی سینٹرز میں بلوچستان کے اہلکاروں کو باقاعدہ تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائے گا جہاں پر کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے طبی امداد، ریسکیو، ٹراما اور فرسٹ ایڈ سروس کے حوالے سے بھی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کو پروفیشنل طریقے سے سنھبال سکیں۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت بلوچستان امیر محمد خان جوگزئی نے کہا کہ بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز 1122 کے اہلکاروں کی تربیت سے ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کی بہتری طریقے سیمدد فراہم کرنے میں بہتری ائے گی اس کے علاوہ بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز کو مکمل طور پر فعال کرنے،الات اور ساز و سامان کی فراہمی اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سالانہ سینکڑوں لوگ روڈ حادثے کا شکار ہوتے ہیں ان کی بروقت طبی امداد اور ریسکیو کے لئے ایمرجنسی سینٹرز کی فعالیت اور اہلکاروں کی تربیت ناگزیر ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز 1122 محدود وسائل اور تربیت میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں لہذا انہیں 24 گھنٹے فعال رکھنے اور ایمرجنسی میں استعمال لانے کیلئے وسائل کی فراہمی کو ممکن بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سینٹرز 1122 ریسکیو اور امدادی کاروائیوں میں مدد کرنے کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کومعلومات، شعور اور اگاہی فراہم کرنا ایسے اقدامات ہیں جن سے لوگوں کو مشکل صورتحال سے بروقت نکالا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے بلوچستان میں ایمرجنسی سینٹرز 1122 کی فعالیت، اہلکاروں کی تربیت کے حوالے سے اقدامات اور مکمل تعاون پر بریگیڈیئر طارق اور ڈاکٹر رضوان نصیر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔