8 فروری کا سورج پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت کی نویدلیکر طلوع ہوگا، روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ8فروری کا سورج پاکستان پیپلز پارٹی کی جیت کی نویدلیکر طلوع ہوگا بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن مہم سے مخالفین کی رات کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں،پارٹی عہدیداران اور کارکن پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کریں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں خیرمحمد ترین،رمضان اچکزئی،نذرمحمدکاکڑ،نورالدین کاکڑ،حاجی شریف خلجی،شمس حمزہ زئی،ملک عبدالحکیم کاکڑ،سردار محمد حنیف خان موسیٰ خیل،حاجی عبدالشکور،بی بی کوتارااوردیگر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قاسم خان اچکزئی،ربانی خلجی،جبار خلجی سمیت دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو میرٹ کے مطابق ٹکٹ جاری کئے ہیں بعض حلقوں میں ٹکٹ التوا میں رکھے گئے ہیں جنہیں جلد امیدواروں کو جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان پیپلز پارٹی نے باقاعدہ اپنی انتخابی مہم کا آغا ز کردیا تھا لیکن بعض سیاسی جماعتیں عوام میں جانے سے ڈر رہی ہیں اور وہ انتخابات میں تاخیر چاہتی ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے واضح کردیا ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت آٹھ فروری کو ہی ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات کیلئے تیارہے اور پورے ملک میں پارٹی امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آٹھ فروری کا سورج پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا پارٹی کے صوبائی،ضلعی اورذیلی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکن پارٹی کے امیدوارو ں کی بھر پورا نتخابی مہم چلائیں اورعوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔