بلوچستان میں اسپتالوں کا مسئلہ ہو یا گیس کا، مسائل حل کریں گے،آصف علی زرداری
کوئٹہ/ڈیرہ بگٹی (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد آنے والی عوامی حکومت بلوچستان کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ان کی ترقی و بھبود پر توجہ دے گی،پی پی پی نے جو بھی وعدہ کیا ہے، وہ پورا کرکے دکھایا ہے۔ منگل کو ڈیرہ بگٹی میں انتخابی جلسہ عام سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان کے مسائل کو سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اسپتالوں کا مسئلہ ہو یا گیس کا، مسائل حل کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آنے والی پی پی پی حکومت ایسے اقدام اٹھائے گی، جس سے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار اور آمدنی کے مواقع میسر آئیں گے۔ دریں اثناء، جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق نگران وفاقی وزیر داخلہ و پی پی پی رہنما سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرکے بلوچستان میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں اور کسانوں کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی وارث جماعت پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہداء کے ورثا کبھی نہ سمجھیں کہ وہ تنہا ہوگئے ہیں، کیونکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری شہداء کے لواحقین کے وارث ہیں۔