حلقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمااور حلقہ این اے 263اور پی بی 42 اور43 سے آزاد امیدوارچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ حلقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اگر عوام نے خدمت کا موقع دیا تو انہیں یقین دلاتے ہیں کہ مایوس نہیں کریں گے،عوام آزمائے ہوئے چہروں کو مسترد کردیں اورایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو صحیح معنوں میں انکی خدمت کرسکیں۔ یہ بات انہوں نے فقیرآبادچمن پھاٹک میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شوکت یوسفزئی،فاروق جبارخیل،سرداراحمدجان مری،ظہیراحمدکشمیری،رشید عثمانی،اصغر خان یوسفزئی، جیلانی خان کشمیری، ثاقب ضیاء رانا،سفیان یوسفزئی،شاہد خان، شاہ زمان خان غلزئی ساحرعلی اعوان، اعظم خان جدون، عبدالسلام خان،اشرف کرد رشیداحمد یوسفزئی اوردیگربھی موجود تھے۔چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ کوئٹہ بلوچستان کادارالحکومت ہونے کے باوجود کھنڈرات کا منظرپیش کر رہا ہے شہر کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ماضی میں برسراقتدار رہنے والی سیاسی جماعتوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی جس کی وجہ سے عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر اور حلقے کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں انشاء اللہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ بڑی اہمیت کا حامل ہے عوام 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ایسے افراد کو مستردکردیں جنہوں نے اپنے دوراقتدار میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کی اورایسے نمائندوں کاانتخاب کریں جوایوانوں میں جاکر صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اگر عوام نے 8فروری کوووٹ د یکر کامیاب بنایا تو انہیں مایوس نہیں کریں گے اس موقع پر حلقے کے عوام نے چوہدری نعیم کریم کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے