بلوچستان کی گیس کارخانوں میں جل رہی ہے مگر اس صوبے کے باشندے گیس کی سہولت سے محروم ہیں، میر کبیر محمدشہی

مستونگ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر کبیر احمد محمدشہی نے کہا ہے کہ ہمارا تعلق عوام سے ہے اور عوام کی تکالیف اور مشکلات کا ہمیں مکمل احساس ہے عوام روزگار، گیس اور بجلی جیسے بنیادی حقوق کے لئے بھی احتجاج پر مجبور ہیں۔یہ بات انہوں نے عام انتخابات کے سلسلے میں مستونگ میں منعقدہ عوامی رابطہ پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ اس سرد موسم میں بھی مستونگ اور قلات جیسے سرد ترین اضلاع کے لوگ گیس جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں بلوچستان کی گیس کارخانوں میں تو جل رہی ہے مگر اس صوبے کے باشندے گیس کی سہولت سے محروم ہیں قلات، مستونگ اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 14 تک گرتا ہے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے گیس کی ضرورت ہے مگر گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہے۔ اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب ہمارے لوگوں کو موسم سرما میں گھر بار چھوڑ کر گرم علاقوں میں منتقل ہونا پڑتا ہے۔ بااثر نمائندگی نہ ہونے کہ وجہ سے اسلام آباد اور مقامی حکمرانوں نے ہمارے علاقوں کو مکمل نظرانداز کردیا ہے۔ آئینی طور پر کسی بھی صوبے سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے مگر بلوچستان کو اس حق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ ہم نے ہمیشہ عوام سے یہی گزارش کی ہے کہ ایسے مخلص نمائندوں کا انتخاب کریں جو نہ صرف آپ کے مسائل سے واقف ہوں بلکہ آپ کی صحیح نمائندگی بھی کر سکیں۔ عوام کی فلاح و خوشحالی نیشنل پارٹی کا منشور ہے۔ ہم نے روز اول سے عوام کے درمیان رہ کر عوام کے لیے سیاست کی ہے۔ ہم نے بلوچستان کے چوراہوں سے لے کر اسلام آباد کے ایوانوں تک اپنے عوام کا کوئی مسئلہ دبنے نہیں دیا اور ببانگ دہل اپنی قوم اور عوام کی نمائندگی کی ہے۔ قومی حقوق کے حصول اور عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ اب بھی اگر عوام نے موقع دیا تو منتخب ہوکر یہ یقینی بنائینگے کہ اپنے عوام کو ان مشکلات اور سختیوں سے نکال کر خوشحالی اور بہتر مستقبل کی طرف گامزن کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے