کوئٹہ شہر میں غیر قانونی اور دو نمبر رکشوں کے خلاف کارروائیاں جاری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ وحید شریف عمرانی کی ہدایت پر کوئٹہ شہر میں غیر قانونی اور دو نمبر رکشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اس سلسلے میں سپرٹنڈنٹ آر ٹی اے کوئٹہ حمید اللہ محمد حسنی اور ڈپٹی سپرٹنڈنٹ ٹریفک پولیس سریاب محمد یاور کی سربراہی میں ٹریفک پولیس،لیویز فورس اور سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ کے عملے پر مشتمل ٹیم نے یونیورسٹی آف بلوچستان چوک سریاب روڈ پر غیر قانونی اور دو نمبر رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 05 غیر قانونی رکشے بند جبکہ 27 رکشہ ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر چالان کئے۔اس موقع پر حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی صورتحال کی بہتری کے لیے غیر قانونی رکشوں کو چلانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی لہٰذا ان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔کیونکہ غیر قانونی رکشوں کی وجہ سے شہر میں ٹریفک مسائل پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اصل رکشہ مالکان کو شدید مالی نقصان پہنچا رہے ہیں۔جن کے خلاف کارروائی ناگریز ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں اب تک کئی گئیں کارروائیوں کی وجہ سے غیر قانونی رکشوں کی تعداد میں وضع کمی ہوئی ہے اور غیر قانونی رکشوں سے چھٹکارا حاصل کرنے تک اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لیے رکشوں کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی اور نئی پالیسی مرتب کررہے ہیں جس پر عملدرآمد سے شہر میں ٹریفک سے متعلق مسائل حل ہونے اور رکشہ مالکان کا کاروبار بھی چلتا رہے۔انہوں نے کہاکہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ کی خصوصی ہدایت پر شہرمیں غیر قانونی اور دو نمبر رکشوں کے خلاف آر ٹی اے کوئٹہ اور ٹریفک پولیس مسلسل کارروائی کررہی ہے لہٰذا رکشہ مالکان و ڈرائیور حضرات اپنی رکشوں میں اصل پرمٹ اور کاغذات موجود رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران حکام کو پیش کیا جاسکے۔جبکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے