ملک میں اصل جمہوریت کی طاقت میڈیا ہے میڈیا جس کو چاہے اٹھائے اور جس کو چاہے گرائے، میرعبدالکریم نوشیروانی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک میں اصل جمہوریت کی طاقت میڈیا ہے میڈیا جس کو چاہے اٹھائے اور جس کو چاہے گرائے اوپر اللہ تعالیٰ کی ذات ہے نیچے میڈیا۔ میری میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ 2024ء میں ان لوگوں کے آگے لانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے جو عوام دوست، محب وطن اور ایماندار ہوں۔ 2018ء میں میڈیا نان کیڈر کے لوگوں کو آگے لایا جو اس ملک پر مسلط ہوگئے یقیناً میڈیا حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے 2024ء کے عام انتخابات میں ماضی کی غلطی کو نہیں دہرائے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ پاکستان کی سیاست کا محور میڈیا کے گرد گھومتا ہے جن سیاستدانوں نے میڈیا کے ساتھ پنگا لیا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑا۔ میں میڈیا کو دونوں ہاتھوں سے سلام کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میڈیا 2024ء کے انتخابات میں 20018ء کے انتخابات کی طرح اپنا کردار ادا نہیں کرے گا بلکہ عوام دوست محب وطن اور ایماندار قیادت کو آگے لانے کیلئے اپنا مثبت اور کلیدی کردار ادا کرے گا اور ہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ملک میں اصل جمہوریت کی طاقت میڈیا ہے۔ پاکستان اور جمہوریت کو صحیح سمت پر گامزن کرنے کیلئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور عوام کے مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے میڈیا 2018ء کی غلطی کو نہیں دہرائے گا۔