سابقہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت کوئٹہ شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے،حاجی سیلاب خان اچکزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) مظلوم اولسی تحریک کے صوبائی جنرل سیکرٹری و حلقہ پی بی 45سے امیدوارحاجی سیلاب خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مظلوم اولسی تحریک نے عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے منتخب ہوکر علاقے کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے،الیکشن ٹربیونل نے آر او کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ہمیں عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو الیکشن ٹربیونل کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سیلاب خان اچکزئی نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت کوئٹہ شہر اسوقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں کامیابی کیلئے سیاسی جماعتوں کے امیدوار ایک دوسرے پر الزامات لگارہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کی بجائے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں کہ انہوں نے اپنے دوراقتدار میں عوام کی کیا خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اولسی تحریک نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور مظلوم اولسی تحریک کے سربراہ حاجی صادق خان اچکزئی نے حلقہ این اے 262اور میں نے حلقہ پی بی 45سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن پر آر او نے بلاجواز اعتراضات لگاکر مسترد کردیاتھا جس کے خلاف ہم نے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا اور الیکشن ٹربیونل نے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے مظلوم اولسی تحریک کے امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے جو حق اورسچ کی فتح ہے انشاء اللہ 8فروری کو عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کو یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے