انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں،چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی اجلاس منعقد ہوا جس میں عام انتخابات کا انعقاد، فائل ٹریکنگ سسٹم، آئی پی ایم ایس، دفاتر میں وقت کی پابندی سمیت دیگر متعلقہ آمور کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی عام انتخابات 2024 سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 8 فروری کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کیلئے صوبائی حکومت نے انتخابات کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ آر اوز اور ڈی آر اوز کو آئی ٹی سہولیات (لیپ ٹاپ، ڈسک ٹاپ، پرنٹر، ملٹی میڈیا) کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہے ہیں اور صوبے بھر میں انتخابات کے لیے 5067 پولنگ اسٹیشنز اور 15002 پولنگ بوتھ ہوں گے۔ انتخابات کیلئے امیدواروں کی فائنل لسٹ 13 کو جاری کی جائے گی۔ انتخابات کیلئے ٹریننگ 31 جنوری کو ختم ہو گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع (کچھی، سبی اور جعفر آباد) میں 55 پولنگ اسٹیشنز کی مرمت کے لیے فنڈ جاری کئے گئے ہیں اور تمام اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں مسلسل فعال ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولیات (پانی، بجلی) کی فراہمی اور ریمپس کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے سرکاری گاڑیاں اور سرکاری وسائل ہرگز استعمال نہ ہونے پائے۔ اگر کسی محکمے کی گاڑی سیاسی شخص یا امیدوار سے ملی تو ان کو فوراً قبضے میں لی جائے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران امیدواران کو ضابطہ اخلاق کے حوالے سے آگاہی دے رہے ہیں۔ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انتخابات کی نگرانی کے لیے الیکشن کمیشن، صوبائی الیکشن کمشنر آفس، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم بنائے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ فائل ٹریکنگ سسٹم، آئی پی ایم ایس اور پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کی جانب سے درج شکایات کو فوری طور پر حل کرنے پر خصوصی توجہ کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے دفاتر میں حاضری کو یقینی بنائیں اور سیکرٹری حضرات اپنے ماتحت عملہ کو دفاتر میں پابند رہنے کو یقینی بنائے۔