غیر جمہوری قوتوں کی سیاست میں بارہا مداخلت کے باعث آج ملک بحرانوں سے دوچار ہے،مجید خان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات عوام کا مطالبہ ہے، غیر جمہوری قوتوں کی سیاست میں بارہا مداخلت کے باعث آج ملک بحرانوں سے دوچار ہے، ملک کو بچانے کیلئے پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کا بیانیہ پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا، گول میز کانفرنس کے انعقاد اور اس میں ملک کے مستقبل کیلئے بہتر فیصلے کرنے ہونگے، پشتونخوامیپ کو آئین کی بالادستی، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کے قیام، پشتون قومی وحدت اور پشتون قومی وسائل پر ان کے سیاسی واک واختیار کے حصول کے مطالبات کی پاداش میں اب بھی سزا دی جارہی ہے، پشتونخوامیپ میں عوام کی شمولیت اور پارٹی کی پالیسیوں اور پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے بیانیہ پر مہر تصدیق ہے۔ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 8فروری کو پارٹی کے انتخابی نشان ”درخت“ پر اپنا مہر ثبت کریں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر پی بی 45سے پارٹی کے نامزد امیدوار مجید خان اچکزئی، این اے 264سے پارٹی کے نامزد امیدوار صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جمال خان ترہ کئی، ضلع معاون سیکرٹری عمر قریش،علاقائی سیکرٹری محمد حیات بڑیچ،تحصیل سریاب اطلاعات سیکرٹری صدام اچکزئی نے پارٹی کے تحصیل سریاب سے مربوط محمود مینہ علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت علاقائی سیکرٹری محمد حیات بڑیچ نے کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسی صورت حال میں الیکشن کی طرف جارہے ہیں کہ جہاں ملک اس وقت شدید سیاسی، معاشی، معاشرتی بحرانوں سے دوچار اور ملک کے عوام بدترین مہنگائی اور بیروزگار سے متاثر ہیں۔ آج بھی بالخصوص پشتون عوام کو ملک اور اس صوبے میں تجارت، روزگار کا حق نہیں دیاجارہا، ملک بھر میں باڈر ٹریڈ پر کوئی پابندی نہیں واحد چمن کا ضلع ہے جہاں ڈیورنڈ لائن پر باڈر ٹریڈ بند کرکے ہزاروں نوجوانوں کو بیروزگار،ہزاروں خاندانوں کو بھوک وافلاس سے دوچار اور لاکھوں لوگوں کو احتجاج پر مجبور کیا گیا ہے،آج بھی چمن پرلت میں لاکھوں لوگ اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ 75دنوں سے احتجاج پر بیٹھے ہیں لیکن اس ملک کے حکمران ہمارے عوام کے حالات سے ناخبر ہیں اور وہ ہمارے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہی نہیں یہ دھرنا اگر کسی اور شہر یا صوبے میں ہوتا تو ہفتہ بھی شاید نہ لگتا اور مطالبات تسلیم کرلیئے جاتے لیکن چمن کے غیور عوام جو کہ 75دنوں سے پر امن احتجاج پر بیٹھے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی جو کہ قابل افسوس اور قابل گرفت عمل ہے۔ مقررین نے کہا کہ این اے 264قومی اسمبلی کے حلقے میں ایک بہترین عوامی نمائندگی کی ضرورت ہے جو اس حلقے کے عوام کی بہترین ترجمانی کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں وفاق میں اس حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اس کیلئے پارٹی نے پارٹی رہنماء جمال خان ترہ کئی کو بطور امیدوار منتخب کیا ہے اور عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بار جمال خان ترہ کئی کو کامیاب بنائیں۔ اسی طرح حلقہ پی بی45جہاں عوام مختلف مسائل سے دوچار ہیں، ایکسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پارٹی کے نامزد امیدوار مجید خان اچکزئی کی کامیابی کی صورت میں عوام کے مسائل کو حل کرنے اور اس حلقے کے عوام کی قسمت بدلنے میں پارٹی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی۔ یہاں کے ہر سکیم پر صرف عوام کا حق ہوگا عوام کی اجمتاعی خدمت کو ترجیحات میں رکھتے ہوئے حلقے کے تمام عوام کی بلا امتیاز خدمت کی جائیگی، زئی وخیلی، رنگ، نسل، زبان، مذہب، فرقہ سے بالاتر ہوکر صرف انسانیت کی بنیاد پر یہاں کے عوام کی خدمت کی جائیگی اور اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام 8فروری کو پارٹی کے انتخابی نشان ”درخت“ پر اپنا مہر لگائیں اور پارٹی کے نامزد امیدواروں کا کامیابی سے ہمکنار بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے