ایران،جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دھماکے، 20 افراد جاں بحق

کرمان(ڈیلی گرین گوادر)ایران کے شہر کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دھماکوں میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے ایران کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2020 میں پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی برسی کے موقع پر جمع ہزاروں افراد کے ہجوم میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی شہر کرمان کی صاحب الزمان مسجد میں ایران کے پاسداران انقلاب کے غیر ملکی آپریشنز کے سربراہ کے مقبرے کے قریب پیش آنے والے واقعے میں کم از کم 20 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دھماکوں کی وجہ کے بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔سرکاری ٹیلی ویژن پر تصاویر میں علاقے میں کئی ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکاروں کو دکھایا گیا ہے۔ایران کی خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ نے رپورٹ کیا کہ دھماکوں میں 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

قاسم سلیمانی قدس فورس کے سربراہ تھے جو ایران کے پاسداران انقلاب کا غیر ملکی آپریشنز ونگ ہے، جو مشرق وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرتا ہے۔وہ 3 جنوری 2020 کو بغداد کے ہوائی اڈے کے باہر ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے اور انہیں ایران کی قابل احترام شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے