صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان کا پشین کا دورہ،انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان نے آئندہ عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کاجائزہ لینے کیلئے ضلع پشین کا ایک روزہ دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے گورنمنٹ بوائز اسکول پشین میں اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کی جاری تربیت کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے لہٰذا تمام پولنگ سٹاف کو چاہیے کہ غیر جانبدار رہ کر انتخابات کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ بعد ازاں صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے ڈپٹی کمشنر ریسٹ ہاوس پشین میں ڈپٹی کمشنر پشین جمعہ داد خان مندوخیل، ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر پشین عقیل احمد اور تمام ریٹرنگ افسران سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں اور ضلع پشین میں امن وامان سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نیاس موقع پر اپنے خطاب میں ضلعی انتظامیہ اور ڈی آر اور کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور ہدایات دیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو یکساں انتخابی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ بعدازاں انہوں نے ضلعی مانیٹرنگ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات عملے کو جانفشانی سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نعیم احمد اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مٹھا خان بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے