ستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پالیسیوں پر عمل درآمد ہونا ناگزیر ہے، پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جامعہ بلوچستان کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیزاینڈ ریسرچ کا 175واں اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان منعقد ہوا۔ جس میں جامعہ کے رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، ڈین فیکلٹیز سمیت بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیمی، تحقیقی اجھنڈا زیر غور لایا گیا۔ جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق کے حصول، ایم فل، پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول، جدید تحقیق کے فروغ، امتحانات اور داخلوں کے طریقہ کار، کارکردگی رپورٹ سمیت مختلف شعبہ جات میں 12 پی ایچ ڈی اور39 ایم فل اسکالرز کو ڈگری ایوارڈکے لئے منتخب کیاگیا اور مختلف فیصلے کئے گئے۔جامعہ کے وائس چانسلر نے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کو ترقی سے ہمکنار کرنے اور مستقبل کے تعلیمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پالیسیوں پر عمل درآمد ہونا ناگزیر ہے۔ جامعہ بلوچستان صوبے کا اعلیٰ تعلیمی درسگاہ ہے جو ہزاروں طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم و تحقیقی مواقع مہیا کرنے اور بہتر مستقبل کی جانب راغب کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اور آنے والی نسلوں کا مستقبل اسی سے وابسطہ ہے۔ اور یہ ہم سب کی زمہ داریوں کا اہم حصہ ہیکہ ہم اپنے تمام صلاحیتوں اور توانائیوں کو جامعہ کی بہتری اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے صرف کریں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں جامعہ مختلف مرحلوں سے گزرتے ہوئے اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ادارے کی ترقی اور طلبہ کو بہتر تعلیم دینے کے لئے بروئے کار لائی گئی ہیں۔ اور اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سال نو کو تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور ادارے کی ترقی کے لئے بروئے کار لایا جائے گا۔اجلاس میں مختلف تعلیمی، تحقیقی منصوبوں اور اسکالرز کی رہنمائی سمیت مختلف معاملات پر رائے پیش کی گئی۔ اور جامعہ کے وائس چانسلر نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔