ووٹ کاغذا کا ٹکڑا نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سنیئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ذات پر عوام کی خوشحالی کو ترجیح دی ہے، خواہش ہے کہ صوبے کے لوگوں اور آئندہ نسلوں اپنے اجداد و تاریخ کے سامنے سرخ رو ہوں، ووٹ کاغذا کا ٹکڑا نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے،لوگ اپنے ووٹ کو شعوری اور بامقصد طریقے سے اپنی آئندہ نسلوں،صوبے کے مستقبل کی خوشحالی کیلئے استعمال کریں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سریاب مل میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ، سریاب مل صابر آباد میں عبدالحکیم مینگل کی رہائش گاہ پر منعقدہ کارنر، عبدالرشید گجر، جاوید گجر، محمد عارف و دیگر کی قیادت میں کلی مصطفی آباد، اری گیشن کالونی، کلی بنگلزئی، جان محمد روڈ، تیل گودام سمیت کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سے آئے وفود سے ملاقات اور ملک سعید کاسی کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، میر نظام الدین کرد، چیئرمین عبدالوحید سرپرہ، عبدالحکیم مینگل، شعیب رئیسانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے سریاب مل کے مقام پر منعقدہ اجتماع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماع میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ سریاب کے لوگ ایک سیاسی جدوجہد کا حصہ اور بلوچستان کی سیاسی آواز ہیں مگر یہاں سے کامیاب ہونے والوں نے اپنے مفادات حاصل کئے لیکن سریاب آج بھی پسماندہ ہے، انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو سریاب کے لوگ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے جارہے ہیں ووٹ کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ وہ طاقت ہے جو سریاب اور صوبے کے لوگوں کے مستقبل اور خوشحالی کا ضامن ہے، انہوں نے کہا کہ آج کا اجتماع اس بات کی ضمانت ہے کہ سریاب کے لوگ اپنے اور صوبہ کے معاملات میں دلچسپی رکھتے ہیں اورآٹھ فروری کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے اپنی رائے کا اظہار کریں گے ہم سریاب، کوئٹہ شہر اور بلوچستان کی خوشحالی کیلئے جدوجہد میں متحد ہوکر یک آواز ہوں گے، انہوں نے کہاکہ سریاب اور کوئٹہ شہر کے لوگوں کے جذبہ کی قدر کرتا ہوں جب جذبہ اور شعور ایک ساتھ ہوں تو کامیابی یقینی ہے،انہوں نے کہاکہ ہم سریاب اور کوئٹہ شہر کی خدمت میں پیش پیش ہوں گے خواہش ہے کہ صوبے کے لوگوں اور آئندہ نسلوں اپنے اجداد و تاریخ کے سامنے سرخ رو ہوں۔صابر آباد میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے صابر آباد کے بزرگوں، جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سریاب میں الیکشن مہم کا آغاز آج صابر آباد سے ہوا ہے کامیاب ہوکر علاقے کی خدمت کریں گے،ہم نے ہمیشہ عوام کی خوشحالی کو ترجیح دی ہے ہم ہمیشہ اپنی قوموں اور لوگوں کے درمیان موجود رہے ہیں انہوں نے کہاکہ لوگ بڑے بڑے دعویٰ کریں گے لیکن ہم یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ کوئٹہ شہر اور سریاب کی پسماندگی کے خاتمہ میں کچھ نہ کچھ بہتری لائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے