ہماری باتیں اورپارٹی کا مؤقف اسٹیبلشمنٹ کو پسند نہیں آیااس لیے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے،سردار اخترمینگل

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترمینگل نے کہا کہ نہ صرف ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے بلکہ ان کی پارٹی کے بھی متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔سردار اخترمینگل نے قومی اسمبلی کی تین اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نہ صرف سزا ہوئی بلکہ ان کو نااہل بھی قرار دیا گیا تھا لیکن ان کے کاغذات نامزدگی کو منظور کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ اسی طرح سابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان اور بعض دیگر امیدواروں کے خلاف بھی اقامہ ہولڈر ہونے کی بنیاد پر اعتراضات جمع کیے گئے تھے لیکن ان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد نہیں کیا گیا۔‘

انھوں نے بتایا کہ کوئٹہ سے ان کی پارٹی کے دو امیدواروں حاجی نصیر احمد شاہوانی اوراحمد نواز بنگلزئی کے علاوہ دیگرعلاقوں میں مضبوط امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’جس جس علاقے میں خلائی مخلوق کے مقابلے میں ہمارے مظبوط امیدوار تھے- ان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا گیا۔ حتیٰ کہ شفیق مینگل کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں، ان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے-‘

ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہماری باتیں اور ہماری پارٹی کا مؤقف اسٹیبلشمنٹ کو پسند نہیں آیا اس لیے میرے اور پارٹی کے متعدد دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے