کوئٹہ شہر میں اشیاء خورنوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے، قیمتوں میں بیس سے تیس فیصد اضافہ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ شہر میں اشیاء خورنوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے،دو روز قبل تک سستے داموں فروخت ہو نے والی اشیاء خورنوش کی قیمتوں میں بیس سے تیس فیصد اضافہ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے شہری آٹے،چینی گوشت کے بعد اب سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ پر بھی سراپا احتجاج ہیں بالخصوص ٹماٹر اور پیا کے ریٹ ہفتہ رفتہ کے دوران کئی گنا بڑھ گئے ہیں پیاز اس وقت 240روپے فی کلو میں دستیاب ہے جبکہ ٹماٹر ایک سو چالیس روپے میں فروخت کیا رہا ہے جو گزشتہ ہفتہ تک ایک سو تیس کے آس پاس فروخت ہو رہا تھا اسی طرح گوبھی،مٹر،شلجم،گاجر،لہسن،ادرک کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق موسم مزید سرد ہوتے ہی کوئٹہ شہر میں فی درجن انڈوں کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ریکارڈ ہوا ہے، فی درجن انڈوں کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے،فی درجن انڈے 400سے بڑھ کر420 روپے میں فروخت کئے جارہے ہیں جبکہ دس روز قبل فی درجن انڈے 360 روپے میں فروخت کئے جارہے تھے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی پرائس کمیٹی کا قیام محض خانہ پری ہے اور وہ عوام کو ریلیف دلوانے میں ناکام ہیں حکومت فوری طور پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرنے کیلئے ہدایات جاری کریں تاکہ عوام کو سہولت میسر آسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے