بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر65 خواتین امیدواروں کی کاغذات نامزدگی جمع

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں پرعام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے 65 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد 8خواتین کے کاغذات مسترد ہوئے جبکہ 57امیدوار تاحال میدان میں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے بلوچستان میں اس بار خواتین امیدواروں نے بھی دلچسپی دیکھائی ہے صوبے کی قومی اسمبلی کی 16جنرل نشستوں پر 19امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں سے ایک مسترد جبکہ 18منظور ہوئے ہیں،حلقہ این اے 255صحت پور کم جعفر آباد کم اوستہ محمد کم نصیر آبا د صوبے میں سب سے زیادہ 3 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ این اے 254، این اے 256، این اے 259،این اے 260، این اے 262،این اے 263 پر دو، دو خواتین نے حصہ لینے کے لئے کاغذات جمع کروائے ہیں۔بلوچستان میں قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں این اے 251،این اے 258، این اے 261، این اے 264،این اے 266پر کسی بھی خاتون امیدوار نے کاغذا ت نامزدگی جمع نہیں کروائے۔الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے 51جنرل حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کل46خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جن میں سے 7کے کاغذات نامزدگی مسترد جبکہ 39کے منظور ہوئے۔صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں سب سے زیادہ خواتین امیدوار اوستہ محمد کے پی بی 17، کوئٹہ کے حلقہ پی بی 43اور پشین کے حلقہ پی بی 48میں تین،تین سامنے آئیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے 23حلقوں میں کسی بھی خاتون نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔پانچ حلقوں میں دو، دو امیدوار جبکہ20حلقوں میں ایک،ایک خاتون امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے