پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر کوئٹہ کے عوام کے مسائل کو حل کریگی،روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں گزشتہ 10 سالوں میں جتنے بھی فنڈز ملے انہیں عوام پر خرچ کرنے کے بجائے رشتے داروں، برداری اور ٹھیکے داروں میں تقسیم کردیا گیا، کوئٹہ کے عوام پینے کے پانی، جلانے کے لئے گیس، روزگار سے محروم ہیں، پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر کوئٹہ کے عوام کے مسائل کو حل کریگی۔ یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی، قاسم خان اچکزئی، میر لیاقت لہڑی سمیت دیگر نے کوئٹہ کے حلقہ پی بی 43 ترخہ میں سابق ناظم قاضی قاہر اچکزئی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ملک خدا بخش لہڑی، غفار رند، بختیار احمد، نور احمد سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کو گزشتہ 10 سالوں میں جتنا فنڈ ملا اسکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی لیکن قوم اور مذہب پرستوں نے اس تمام رقم کو عوام پر خرچ کرنے کے بجائے خرد برد کردیا آج کوئٹہ کے عوام پینے کے پانی، بجلی، گیس، روزگار سے محروم ہیں شہر کی صفائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے عوام سے ووٹ لیکر انکے نمائندے پانچ پانچ سال غائب رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ قوم اور مذہب پرستوں کی سیاست کا مہور عوام نہیں بلکہ خوش نما نعرے ہیں جو وہ عوام کو ورغلانے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سیاست کا مہور عوام ہیں ہم عوام کے لئے ہیں حلقہ بی پی 43 ترخہ میں پانی، روزگار،صفائی کے مسائل کو حل کریگی عوام ہمارا ساتھ دیں ہمارے نمائندے انہیں کسی صورت مایوس نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8 فروری کو گھروں سے نکلیں اور تیر کے نشان پر مہر لگائیں ہمارا وعدہ ہے کہ اس ایک دن کے بدلے عوام کی آئندہ پانچ سال خدمت کریں گے۔