لاپتہ افراد کا معاملہ ایک اہم مسئلہ ہے،جس کیلئے مختلف کمیٹیاں اورکمیشن قائم کیے گئے ہیں،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

نواب شاہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے نگران صوبائی حکومت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ ایک اہم مسئلہ ہے، جس کے لیے مختلف کمیٹیاں اور کمیشن قائم کیے گئے ہیں، ان کمیٹیوں کی فیکٹ فائنڈنگ سے قبل کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، جس کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ہے۔ اس سلسلے میں لاپتہ افراد کمیشن کام کر رہا ہے اور بہت سے لوگ اپنے گھروں کو واپس آ چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار سندھ کے علاقے سکھرنڈ کے نواحی گاؤں شاہ میر راہو میں قبائلی رہنما نذیر احمد راہو کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر موجود میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تربت واقعے پر بنا دی گئی ہے۔ ملزم اہلکاروں کو برطرف کرکے شفاف تحقیقات کی جارہی ہے۔ اسلام آباد میں مظاہرین کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تین وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کو ریڈ زون میں داخلی راستے پر معمول کی کارروائی کرنا پڑی گرفتار مظاہرین کی اکثریت کو رہا کر دیا گیا ہے۔ باقی گرفتار افراد کو مذاکرات کے ذریعے رہا کیا جائے گا۔ ماہرنگ بلوچ نے اپنے مطالبات تحریری طور پر دینے کا کہا ہے تاہم ابھی تک کمیٹی کو ایسے مطالبات موصول نہیں ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور مختلف قوموں کے درمیان بھائی چارہ قائم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے