کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کو سب جانتے ہیں، 8 فروری کو بڑا سرپرائز دیں گے،بلاول بھٹو
سکھر(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات میں لاہور کے پاس کوئی اور آپشن بھی ہونا چاہیے اسی لیے تخت لاہور سے لڑنے کا فیصلہ کیا، نہیں چاہتے پھر کوئی کھلاڑی آئے اور کسی بزدار کو پنجاب پر مسلط کردے، کاغذات نامزدگی چھیننے والوں کو سب جانتے ہیں ہم آٹھ فروری کو بڑا سرپرائز دیں گے۔
سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پی پی کی انتخابی مہم جاری ہے عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے، ہم نے گھوٹکی سمیت سندھ بھر میں فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے،گھوٹکی میں پی پی اچھے نتائج دے گی، ہم نے بی بی شہید کی برسی پر دس نکاتی منشور پیش کیا ہے موقع ملتا تو اس پر ضرور عمل کریں گے،عوام ہمارے ساتھ ہیں ہم آٹھ فروری کے انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کاغذات نامزدگی کون چھین رہا ہے اور کہاں چھینے جارہے ہیں جو چھین رہے ہیں وہ جواب دیں، ہم نے تخت لاہور سے الیکشن لڑںے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لاہور کے پاس اور بھی کوئی آپشن ہونا چاہیے ہم نہیں چاہتے پھر کوئی اور کھلاڑی آئے اور کسی بزدار کو پنجاب پر مسلط کردیے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی پہلے بھی مذمت کی تھی اور اب بھی مذمت کرتا ہوں لیکن کیا بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے اپنے موقف کو تبدیل کیا؟ سب سے پہلے عمران خان کو اپنے کیے کی توبہ کرنی چاہیے تحریک انصاف کو اپنے اقدامات کی معافی مانگنی چاہیے۔اس موقع پر انہوں نے گزشتہ روز پیش کیے گئے دس نکات دوبارہ دہرائے اور کہا کہ کچی آبادی کے مکینوں کو مالکانہ حقوق پر مکانات تعمیر کرکے دیں گے۔