کاغذات نامزدگی رات کے اندھیرے میں خفیہ طریقے سے جمع ہونا صاف اور شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان ہے، جمعیت علماء اسلام
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے این اے 263پر سابق رکن قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے کاغذات نامزدگی کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو آئینی بحران سے دوچار کرنے اور ریاست کو انتشار سے ودچار کرنے کے سب سے بڑے کردار کے کاغذات نامزدگی رات کے اندھیرے میں خفیہ طریقے سے جمع ہونا صاف اور شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت سے ثابت شدہ ہزاروں جعلی ووٹوں سے منتخب ہونے والا روپوش سابق رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنماء سائفر ڈرامے کا مرکزی اداکار رہا، معلوم نہیں اب تک ان کو کن قوتوں کی آشیرباد حاصل ہے کہ ان کے خلاف کاروائی کی بجائے تحفظ دیا جارہا ہے کرپشن کے ذریعے اثاثہ جات میں ہوشربا اضافے کو کیسے کلیئر کرکے انتخابات میں حصہ لینے کا موقع دیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام صاف الیکشن میں ہر سیاسی وجمہوری جماعت کو لیول پلینگ فیلڈ کی خواہاں ہے مگر ریاست کے مجرموں کے خلاف ہر آئینی وقانونی قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے گزشتہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے منتخب ہونے والے بہروپئے عوام کے سامنے بینقاب ہوچکے ہیں اگرچہ چہرے کو اسلامک ٹچ کے بعد شیو ٹچ کیوں ہی نہ دیں۔