فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید کئے گئے صحافیوں میں سے کسی ایک کا قاتل گرفتار نہیں ہوا، نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ غزہ میں سو سے زائد صحافی صہیونی بمباری اور جبر سے مارے گئے ہیں،ایک بدترین انسان کش بربریت کیساتھ عالمی سطح پر میڈیا کو بھی مکمل پابند کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والے ظلم پر آواز نہ اٹھائے، مہذب سماج نے ہمیشہ صرف اپنے مفاد کیلئے آزادی صحافت کی بات کی ہے، بلوچستان میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید کئے گئے صحافیوں میں سے کسی ایک کا قاتل گرفتار نہیں ہوا، یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار، کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر رضاالرحمن، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد رند، سینئر نائب صدر نورالہی بگٹی، رشید بلوچ، غنی کاکڑ، افضل مغل، نادر زمرد، آصف بلوچ، ظفر بلوچ، محمد شعیب رئیسانی سمیت دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ ہم غزہ کے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ پریس کلب آئے ہیں، کوئٹہ پریس کلب اور یہاں کے صحافیوں کے ساتھ ہمارے خاندان کا ایک جذباتی تعلق ہے اس کا سنگ بنیاد میرے والد شہید نواب غوث بخش رئیسانی نے رکھا تھا،انہوں نے کہا کہ کسی بھی سماج میں ذمہ دارانہ اظہار رائے کا موقع ملنا چاہیے جو سماج کی اصلاح بھی کرسکتا ہے اور اس کو ترقی و خوشحالی کی طرف بھی لے جاسکتا ہے مگر ہم دیکھ رہے ہیں کہ مہذب سماج جس نے ہمیشہ اپنے مفاد کیلئے صحافت کی آزادی کی بات کی ہے اور جہاں بھی اس کا مفاد ہوا وہاں میڈیا کی آزادی کیلئے بین الاقوامی سطح پر طاقتور آواز اٹھائی دوسری جانب آج غزہ میں ایک بدترین انسان کش بربریت کے ساتھ عالمی سطح پر میڈیا کو بھی مکمل پابند کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والے ظلم پر آواز نہ اٹھائے، اب تک سو سے زائد صحافی صہیونی بمباری اور جبر سے مارے گئے ہیں، ہمارے صوبے میں بھی یہی صورتحال ہے بلوچستان میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید کئے گئے صحافیوں میں سے کسی ایک کا قاتل گرفتار نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ غزہ اور فلسطین میں بیس ہزار لوگوں کا قتل عام ہوا ہے مگر وہاں کی آواز دبادی گئی ہے جب جابر طاقتوں کو شکست ہوگی تو وہاں سے بہت بڑی داستانیں سامنے آئیں گی اور پوری دنیا کے مہذب اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھنے والوں کو احساس ہوگا کہ میڈیا کی آزادی کسی سماج یا دنیا کیلئے کتنی اہمیت رکھتی ہے،اس موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے غزہ کے صحافیوں اور عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار سمیت کوئٹہ پریس کلب اور بی یو جے کے دیگر عہدیداروں کو فلسطینی پرچم کے مفلر بھی پہنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے