انتخابات ہر صورت صاف شفاف آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونے چاہیے، نواب محمد ایاز خان جوگیزئی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری این اے 251اور این اے 262کوئٹہ Iسے پارٹی کے نامزد امیدوار نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ انتخابات ہر صورت صاف شفاف آزادانہ منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونے چاہیے، انتخابات کے نتائج نہ ماننے کی وجہ سے ماضی میں ایک مرتبہ ملک دولخت ہوچکا ہے اور بعد میں مختلف اوقات میں انتخابات میں مداخلت اور دھاندلی کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوچکا ہے۔ پشتونخوامیپ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے اکابرین کی جدوجہد کی بدولت عوام کو ووٹ کا حق حاصل ہوا ہے اور یہ وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کی تاریخ رہی ہے کہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہوئے ہر طرح کی کرپشن کمیشن، اقرباء پروری اور میرٹ کی پائمالی کی بدترین مخالف رہی ہے آج تک پارٹی کے کسی بھی منتخب رکن پر کسی قسم کا کوئی بھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہوا حالانکہ اس ملک میں سب بلیک میل ہوچکے ہیں اور مختلف عدالتوں کا سامنا کرنا پڑہا ہے۔ سینٹ اور دیگر اداروں کیلئے کروڑوں، اربوں کی خرید وفروخت کی جاتی ہے اس صوبے میں سینٹ کا ایک رکن 70کروڑ روپے رشوت کے عیوض کامیاب ہوچکا ہے اور انہوں نے اس صوبے کیلئے سینٹ میں اپنے پورے دورانیے میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔ واحد پشتونخوامیپ کو یہ افتحار حاصل ہے کہ اس پارٹی کے کونسلر کو بھی ایک ارب روپے کے عیوض نہیں خریدا جاسکتا۔ کیونکہ برصغیر پاک وہند کی آزادی کے سپہ سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے اس پارٹی کی بنیاد ہی ایسی مضبوط رکھی ہے کہ ایک عام غریب کارکن سے لیکر پارلیمنٹرین تک سب کو نظریاتی طور پر سیاست کیلئے تیار کیا جاتا ہے اور پارٹی کے کارکن کا اثاثہ اپنا، اپنی مٹی اور اپنے نظریاتی اصول ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں این اے 262اور پی بی 38، پی بی 39، پی بی 40کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، پی بی 39کے نامزد امیدوار گل خلجی، پی بی 39کے نامزد امیدوار ملک یاسین خان بازئی، پی بی 40کے نامزد امیدوار اختر محمد خروٹی نے بھی خطاب کیا۔ ان اجلاسوں میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی پارلیمانی امور کے سیکرٹری حضرت عمر اچکزئی، صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی، ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹیوز وضلع کمیٹی کے اراکین، تحصیل سیکرٹری کچلاغ ملک نادر کاکڑ، سینئر معاون سیکرٹری رحمت خان ناصر، تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم خان پیر علیزئی، سینئر معاون سیکرٹری راحت خان بازئی اورآرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کیں۔ پی بی 43کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس سید شراف آغا کی صدارت میں منعقد ہواجس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ اور پی بی 43کے نامزد امیدوار سردار ادریس خان بڑیچ نے خطاب کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی، ضلعی، تحصیل اور علاقائی یونٹوں کے رہنماؤں اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی بی 43کے آرگنائزر ولی بریالی اور ڈپٹی آرگنائزر عطاء اللہ امیری منتخب ہوئے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخو اوطن میں 100کے قریب قدرتی قیمتی معدنیات پائے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود پشتون دیار غیر میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔مقررین نے کہا کہ پشتونوں کو اپنے وسائل پر اختیار حاصل کرنے کیلئے اپنے حقیقی نمائندوں کو اسمبلی بھیجنا ہوگا تاکہ اس کثیر القومی ریاست میں قوموں کی برابری کی بنیاد پر فیڈرل اوردیگر ملکوں کے سفارت خانوں، قونصلیٹس اور تمام مرکزی اداروں میں پشتونوں کو برابری کی بنیاد پرحقوق ملیں اور پشتون بلوچ صوبے میں بلوچ بھائی کے ساتھ تمام شعبوں میں برابری کی بنیاد پرعملدرآمد ہو۔ مقررین نے کہا کہ مردم شماری، حلقہ بندیوں میں کیئے گئے پشتونوں کے ساتھ مظالم کا پشتونخوامیپ کے سوا کسی نے رونا نہیں رویا۔ باشعور عوام اسمبلیوں میں ایسے نمائندوں کو بھیجیں جن کے ذریعے ان کے حقوق کی تحفظ ممکن ہو اور عوام کو مشکلات،مسائل ومصائب سے چھٹکارا دلانے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔مقررین نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں سب سے بدتر حالات پشتون قوم کی ہے جسے لاہور، کراچی سمیت پنجاب اور سندھ کے دیگر بڑے شہروں میں آرام سے محنت مزدوری کرنے نہیں دیا جارہا بلکہ ان سے زندگی کا حق بھی چھینا جارہا ہے جس کی واضح مثال چمن پرلت ہے جو گزشتہ دو ماہ سے زائد پر امن احتجاج پر بیٹھے ہیں اور جائز آئینی حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اور چمن کے نوجوان بیروزگاری کی وجہ سے خودکشیوں پر مجبور ہورہے ہیں۔بھوک وافلاس بڑھی تو کوئی بھی مضبوط گیٹ محفوظ نہیں رہے گا لوگ بڑی بڑی دیواروں کو پلانگنے پر مجبور ہوجائینگے۔ مقررین نے کہا کہ کارکنوں کو الیکشن کی بھرپور تیاری کرنی چاہیے اور پشتونخوامیپ اس مرتبہ الیکشن میں اپنے عوام کی حمایت سے بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔ تب ہم تمام کارکنوں کے مشکلات دور کرنے کیلئے کام کرینگے وفاق سے اپنے مظلوم عوام کیلئے حق لانامضبوط جمہوری نمائندوں کا کام ہے۔ پارٹی کے مذکورہ بالا اجلاسوں میں انتخابی مہم کو تیز کرنے، پارٹی پروگرام گھر گھر تک پہنچانے، مختلف کمیٹیوں کی تشکیل دینے، پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کیلئے اپنی صلاحتیوں کو بروئے کار لانے سمیت مختلف فیصلے کیئے گئے۔