آصف علی زرداری دل سے چاہتے ہیں کہ بلوچستان ترقی کرے کیونکہ تمام صوبوں کی طرح یکساں ترقی بلوچستان کا حق ہے،میرعلی حسن زہری
حب(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و ضلع حب کے صدر اور ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ایم پی اے یا ایم این اے بننا نہیں بلکہ ہمارا مقصد ہمارے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب میں ایک عوامی اجتماع میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے قبائلی و سماجی زعماء اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناء میر علی حسن زہری کا سراوان کالونی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ السعودیہ ہوٹل کے مالک خالد خان کاکڑ، لالا خیر خان، حاجی اقبال اور سماجی و سیاسی شخصیت حاجی ملوک بنگلزئی نے استقبال کیا۔میر علی حسن زہری کی عوام دوست اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کاکڑ برادری سمیت سروان کالونی کی دیگر برادریوں کے معززین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیارکی۔اس موقع پر میر حمزہ کاکڑ، شاہ محمد کاکڑ، عثمان کاکڑ، عبدالصمد کاکڑ، لالا خان کاکڑ اور سینکڑوں ساتھیوں نے باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔میر علی حسن زہری نے تمام شمولیت کرنے والوں کو پارٹی مفلرر پہنائے اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام معززین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اور ہمیں عزت بخشی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نہ ایم پی اے کی سیٹ اور نہ ایم این اے کی سیٹ ہماری منزل ہے۔جس طرح لوگ ہم سے اور پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں یہ احساس ہمیں جیت کا احساس دلاتا ہے اور یہی ہماری منزل ہے۔ علاقے کے لوگوں کی خدمت کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور عوام میں اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی کی وجہ سے لوگ جوق در جوق پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ ہم پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ میں یہ دعویٰ تو نہیں کرتا کہ حب کو پیرس یا لندن بنا دیں گے لیکن یہ وعدہ ضرور کرتا ہوں کہ یہاں کے عوام پر مسلط کئی دہائیوں سے مفاد پرست عناصر کی ناانصافیوں کا ازالہ ہم کریں گے اور حب شہر کو ایک مثالی شہر بنائیں گے۔یہاں آ کر مجھے معلوم ہوا کہ میرے والد کے دوست بھی یہاں موجود ہیں اور وہ بھی میرے لئے اتنے ہی قابل احترام ہیں جتنے میرے والد۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہم پیار و محبت اور انسانیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم رنگ و نسل سے بالا تر ہر کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنما آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری دل سے چاہتے ہیں کہ بلوچستان ترقی کرے کیونکہ تمام صوبوں کی طرح یکساں ترقی بلوچستان کا حق ہے۔دریں اثناء کیمپ آفس حب میں میر علی حسن زہری نے دور دراز سے آئے ہوئے پارٹی ورکروں سے ملاقاتیں کیں اور پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہا۔