کوئٹہ ایک گلدستے کی مانند ہے جس میں تما م اقوام امن و بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں، شیخ زرک مندوخیل
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنماء اور حلقہ پی بی 42 کوئٹہ 5 کے امیدوار شیخ زرک خان مندوخیل نے کہا ہے کہ کوئٹہ ایک گلدستے کی مانند ہے جس میں تما م اقوام امن و بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں، اس امن و بھائی چارے کی فضا ء کو بہتر بنانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہم میدان عمل میں اترے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز اورعوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سابق سینیٹر شیخ سعید الحسن مندوخیل، نسیم الرحمن ملا خیل و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے آئندہ عام انتخابات میں پورے پاکستان سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، میاں نوازشریف کا بیانیہ ہی جیتے گا، پوری قوم کی یہی خواہش ہے کہ اس ملک کی باگ دوڑ میاں صاحب سنبھالیں کیونکہ ترقی اور خوشحالی کی ضمانت مسلم لیگ (ن)ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کی محرومیوں اور مشکلات کے خاتمے کے لئے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، میری خواہش ہے کہ اپنے حلقے کے لوگوں کے مسائل کو مکمل طور پر حل کروں اور ان کوتمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کروں۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی حکومت کو سازشوں کے ذریعے نہ گرایا جاتا توآج پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں بلوچستان کو بہتر کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے، درایں اثناء شیخ زرک خان مندوخیل نے حلقہ پی بی 42 کوئٹہ 5 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے انشاء اللہ 8فروری کو تاریخی فتح حاصل کریں گے۔