پشتونوں کے ساتھ ناروا سلوک کا ازالہ ضروری امر ٹھہرا ہے، نواب ایاز خان جوگیزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونوں کے ساتھ ناروا سلوک کا ازالہ ضروری امر ٹھہرا ہے، ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام کے استحکام کیلئے شفاف الیکشن ضروری ہے، پاکستان دنیا کو مدد دینے والے ملکوں میں شامل تھا آج دنیا کا بڑا مقروض ملک بن گیا ہے، ملک کی اقلیت اور خصوصاً ہمارے صوبے کے اقلیتی برادری جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں،ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، ضلع کوئٹہ کے معاون سیکرٹری ولیم جان برکت، جہانزیب، چودھری عدنان نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے کی۔ ولیم جا ن برکت اور چودھری عدنان نے کہا کہ ہم پارٹی کے جمہوری انسانی کردار سے متاثر ہیں، ہمیں پارٹی نے کبھی یہ تاثر نہیں دیا کہ ہم ان سے علیحدہ ہیں۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے ہر وقت اور ہر جگہ اپنے اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی ہے یہ احسان کی بات نہیں بلکہ ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قدرتی خزانوں پر قبضے جاری ہیں اور پشتون دیا ر غیر میں محنت مزدوری اورمسافری پر مجبور ہیں آج بھی ملک کے اندر پشتون سرزمین کا بٹوارا جاری ہے۔ ہم نے ملک کی تاریخ میں آئین کی بالادستی،پارلیمنٹ کی خودمختاری،جمہور کی حکمرانی اور قومی برابری کا حقیقی فیڈریشن کیلئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کے دوران عوام کو یہ شعور دیں کہ کرپشن،بدانتظامی، لوٹ مار، بیروزگاری اور مہنگائی کے اسباب بتانے ہونگے اور نجات کا راستہ بتانا ہوگا۔ غیر جمہوری رویہ سے پاکستان کا استحکام سخت متاثر ہے اور بین الاقوامی دنیا میں ملک کا وقار مجروح ہوا اسے بحال کرنا، عوام کا اعتماد بحال کرنا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ اس موقع پر چودھری عدنان نے اصغر نے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مقررین نے کہا کہ ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور کرسمس کے اس خوشحالی میں ہم سب ایک ساتھ شریک ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ ہمارے عوام ہمارے ساتھ اور پارٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہینگے۔ پروگرام میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر ودیگر رہنماؤں وکارکنوں نے بھی شرکت کی۔تقریب کے آخر میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا۔ رہنماؤں نے تمام عیسائی برادری کو ان کے مذہبی تہوار کرسمس کی مبارکباد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے