لعل شہباز قلندر درگاہ سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے سونےکی چوری کا انکشاف
کراچی(ڈیلی گرین گوادر) حضرت لعل شہباز قلندر درگاہ سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے سونےکی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درگاہ لعل شہباز قلندر سے ایک ماہ میں ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار 863 روپے کا نذرانے میں دیا گیا سونا چوری ہوا جس کے بعد نگران وزیر اوقاف عمر سومرو نے درگاہ کے منیجر کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ترجمان وزیر اوقاف وقانون نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کے سامنے درگاہ کے منیجر زبیر بلوچ نے اپنی چوری کا جرم قبول کیا ہے۔
نگران وزیر اوقاف نے کہا کہ منیجر زبیر بلوچ کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کے ساتھ کیس اینٹی کرپشن کوبھیجنے کا حکم دیا ہے، منیجر کی تنخواہ اور پینشن بھی روکنے کے احکامات دے دیے ہیں جب کہ اینٹی کرپشن کو لکھ دیا ہے کہ زبیربلوچ سے گولڈ چوری کرنےکی فوری ریکوری کی جائے۔
نگران وزیر کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ تمام درگاہوں کے منیجرز کے خلاف بھی تحقیقات ہوں گی۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری منور مہیسر نے زبیر بلوچ کوحضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر منیجر تعینات کیا تھا اور زبیر بلوچ ریٹائرڈ ہونے کے قریب ہیں جب کہ کئی سال سے نذرانہ باکس کی چابی اس کےپاس ہوتی ہے۔