جے یوآئی اور بی این پی کا سیاسی اتحاد آج کا نہیں بلکہ دہائیوں پر مشتمل ہے،سردار اختر مینگل

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل،جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء مولانا قمرالدین خضدار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جے یوآئی اور بی این پی کا سیاسی اتحاد آج کا نہیں بلکہ دہائیوں پر مشتمل ہے، مفتی محمود رحمہ اللہ سردار عطاء اللہ مینگل میر غوث بخش بزنجو ولی خان نے اس کی بنیاد رکھ دی تھی یہ سیاسی روایت ہماری صورت میں آج تک زندہ ہے، جے یوآئی اور بی این پی کے سیاسی اتحاد کی برکات اس لئے بھی نمایاں ہیں کہ ہم ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہیں ا ور ایک دوسرے کی کامیابی کے لئے دل و جان سے محنت کرتے ہیں،جس طرح ہم نے ماضی میں کامیابی حاصل کرلی تھی اور آئندہ بھی اسی طرح کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے،سردار اختر مینگل نے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ فارمولا پیش کرتے ہوئے کہاکہ خضدار ڈسٹرکٹ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر جے یوآئی اور بی این پی کے درمیان اتحاد ہوچکا ہے، جس میں این اے 256پر بی این پی کا امیدوار ہوگا اور جے یوآئی بی این پی کو سپورٹ کریگی، پی بی 18پر جے یوآئی کا امیدوار ہوگا بی این پی اسے سپورٹ کریگی، پی بی 19پر جے یوآئی کا امیدوار ہوگا اور بی این پی اسے سپورٹ کریگی اسی طرح پی بی 20پر بی این پی کا امیدوار ہوگا اور جے یوآئی اسے سپورٹ کریگی اور یہ اتحاد ضمنی انتخابات پر بھی لاگو ہوگا۔پریس کانفرنس کے موقع پر جے یوآئی خضدار کے جنرل سیکریٹری مولانا عنایت اللہ رودینی پی بی 19سے امیدوار میر یونس عزیز زہری پی بی 18سے امیدوار غلام سرور موسیانی بی این پی کے مرکزی کزی رہنماء لعل جان بلوچ میر عبدالقدوس کرد آغا سلطان ابراہیم حیدر زمان بلوچ سعداللہ مینگل سفر خان مینگل صادق غلامانی جے یوآئی کے سردار علی محمد قلندرانی حافظ حمیدا للہ مینگل عبداللہ رند مولانا عبدالصمد قاسمی شاہوانی مولانا عبدالغفار شاہوانی مولانا محمود الحسن قمر مولانا عبداللہ قلندرانی سمیت دیگر موجود تھے۔ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا تھاکہ 2018کا الیکشن جولائی کے مہینے میں سخت گرمی منعقد ہوا اور 2024کا الیکشن شدید سردی میں منعقد ہورہاہے، پانچ سال پہلے ہونے والے الیکشن میں مخالفین کے پسینے ہم نے چھوڑ وادیئے تھے اور اس بار ان پر کپکپی طاری کریں گے،ہم جمہوریت پسند لوگ ہیں طرز جمہوریت کو فالو کریں گے اور سیاسی انداز میں اپنے انتخابی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ جے یوآئی کے مرکزی رہنماء مولانا قمرالدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی اتحاد کے لئے چار روز پہلے سردار اختر مینگل ہمارے پاس آئے تھے انہوں نے ماضی کا فارمولا دیا اور انتخابی اتحاد کی دعوت دی جس پر ہم نے اپنی جماعت سے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا اور آج سردار اختر مینگل سے دوسری نشست ہوئی اور باقاعدہ طور پر دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی اتحاد پر اتفاق ہوا اور 2018فارمولے کے تحت دونوں جماعتوں نے 2024کے لئے اتحاد کرلیا ہے انشاء اللہ ہم اپنے مشترکہ امیدواروں کو کامیابی دلانے کے لئے کوشش کریں اور ہماری کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہونگی اور کامیابی بھی ہماری جماعت کو ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے