اشتہارات کی تقسیم میں مقامی اخبارات کو اولیت دی جائے،بلوچستان ایڈیٹرز فورم

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ایڈیٹرز فورم کا ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت مرتضیٰ ترین منعقد ہوا۔اجلاس میں اخباری صنعت کودرپیش مشکلات اور دیگر مسائل کے حوالے سے ایگزیکٹو باڈی کے اراکین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کی تقسیم میں مقامی اخبارات کو اولیت دی جائے اور حکومت بلوچستان کے نیشنل پریس کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔اجلاس میں جرائد کو جاری ہونے والے اشتہارات میں کمی بھی زیر بحث آئی اجلاس نے محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ جرائد کے اشتہارات پر کٹ لگانے کی بجائے انکی حوصلہ افزائی کی جائے کیونکہ صوبے کے اخبارات اور جرائد کا انحصار صرف حکومت کے جاری کردہ اشتہارات پر ہی ہے۔مالی بحران کی وجہ سے صوبے کی واحد صنعت سے وابستہ ہزاروں لوگ متاثر ہورہے ہیں دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت حکومت کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔صوبے کے اخبارات و جرائد کے بارہا مطالبے کے باوجود نہ فنڈز میں اضافہ کیا گیا نہ ہی اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے سمجھا گیا۔اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ مقامی اخبارات وجرائد حکومت اور عوام کے مابین پل کا کردار ادا کرتی ہیں کسی صورت کسی کو بھی مقامی پریس کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔اجلاس کے شرکاء کامزید کہنا تھا کہ صوبے کی تمام صحافتی تنظیموں سے رابطے کرکے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جنرل باڈی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے