ملک کے آئین کے تحت ہر کسی کو پرامن احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے پرامن احتجاج پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے حملہ آور ہونے اور خصوصی طور پر عورتوں اور بچوں پروحشیانہ تشدد کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ہر قسم کے روایات اور اخلاقیات سے عاری ایک شرمناک اور قابل نفرت عمل قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملک کے آئین کے تحت ہر کسی کو پرامن احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے لیکن ریاستی ادارے ملکی آئین اور قانون کو پامال کرتے ہوئے شہریوں سے یہ حق بہ زور قوت چھین رہے ہیں اور ملک میں وحشت اور بربریت کا ماحول مسلط کر رہے ہیں جو موجودہ نازک سیاسی صورتحال کیلئے خطرناک اور فیڈریشن سے دشمنی کے مترادف ہے۔ ایک طرف ریاست کی جانب سے شہریوں کو لاپتہ کرکے انہیں عدالتوں کے سامنے پیش کرنے کی بجائے ماورائے قانون قتل کیا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب اس ظلم اور جبر کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو خاموش کرنے کیلئے مختلف قسم کے حربے اور ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں۔بیان میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ پرامن مظاہرین پر تشدد کی بجائے انکی زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے انکے پیاروں کے ساتھ ساتھ جبری طور پر لاپتہ کئے گئے تمام افراد کو بازیاب کیا جائے اور اگر کسی پر سنجیدہ نوعیت کے الزامات ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کر کے انکے خلاف آئین وقانون کے تحت مقدمات چلائے جائیں۔ لوگوں کو جبری طور پر لاپتہ کر کے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکنے سے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے ساتھ ریاست کے خلاف نفرت میں مزید اضافے پر ہی منتج ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے