یوریا اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں آپریشن جاری رکھا جائے، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت پراونشل ٹاسک فورس برائے انسداد اسمگلنگ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اجلاس کے شرکاء کو متعلقہ حکام نے اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پی او ایل کی نقل و حمل کو محدود کرنے والی واضح پالیسی قائم کی جائے اور صوبہ بھر میں خاص طور پر ضلع حب میں ایرانی تیل کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹمز بلوچستان ایف سی کے ذریعے حال ہی میں پکڑے گئے اسمگل شدہ سامان کو کسٹم کے گوداموں تک پہنچانے کے لئے کئے جانے والے اخراجات فراہم کرے اور قلیل مدتی گودام کے طور پر گورنمنٹ کے تعمیر کردہ خالی عمارات استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد اسمگلنگ مہم میں شامل مختلف محکموں کے درمیان ضبط شدہ اشیاء کے اعداد و شمار میں کم سے کم تضاد کو یقینی بنائی جائے اور ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے موثر نظام تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے یوریا اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں آپریشن جاری رکھا جائے اور صوبائی حکومت کی جانب سے قائم کردہ چیک پوسٹوں پر اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز یوریا اور چینی کے لیے رجسٹرڈ ڈیلرز کی تمام فہرستوں کا جائزہ لیں اور کسی بھی جعلی اندراج کو ختم کرے اس کے علاوہ چینی اور یوریا کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ٹریس اینڈ ٹریک سسٹم کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس غیر قانونی کام سے منسلک ہیں اور اس میں سہولت کار ہیں ان کے خلاف سب سے پہلے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے وفاقی اداروں اور صوبائی حکومت کو اس ضمن میں مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اپنے استعداد کار کو کسی بھی غیر معمولی صورتحال کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ذاہد سلیم، کلکٹر کسٹم انٹیلی جنس ندیم میمن، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے جبکہ آئی جی پولیس، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے