کرسمس سے قبل مسیحی ملازمین کو تنخواہوں و پنشن ادانہ ہوسکے ،بلوچستان لیبر فیڈریشن نے احتجاج کی کال دیدی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان مختلف اداروں کے مسیحی ملازمین کو کرسمس سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی خاص طور سے میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپل اداروں کے مسیحی ملازمین تاحال تنخواہوں پنشن اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر سالانہ تہوار کرسمس سے قبل شدید مالی پریشانی سے دوچار ہیں بلوچستان لیبر فیڈریشن نے اس صورتحال کے پیش نظر مختلف شہروں میں مسیحی ملازمین کو کرسمس سے قبل تنخواہیں ادا نہ کرنے اورحکومت کی جانب سے اعلان کے باوجود یہ مسئلہ حل نہ ہونے پر محکمہ فائنانس کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی ہے سبی ڑوب اورودیگر شہروں میں آج احتجاج کیا جائیگا بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی عہدیدار مزدور رہنماؤں خان زمان۔ عابد بٹ نے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملازمین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین اور درجہ چہارم مزدور ہر سال تہواروں سے قبل تنخواہوں پنشن اور دیگر واجبات سے محروم ہوتے ہیں انھیں وقت پر تنخواہ پنشن نہیں ملتی جو ایسے مواقعوں و تہواروں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ محکمہ فنانس اورودیگرادارے و انکے حکام کیوں ایسے اہم کاموں کو تاخیر کی نظر کرتے ہیں ایسی صورتحال میں ملازمین احتجاج نہ کریں تو کیا کریں؟۔ اداروں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نوبت احتجاج مظاہروں تک پہنچ جاتی ہے کوئٹہ و اندرون بلوچستان میونسپل اداروں اور دیگر محکموں میں مسیحی ملازمین کو تاحال تنخواہوں کے عدم ادائیگی نہ ہوسکی اور مسیحی برادری کے تہوار کرسمس میں چند روز باقی ہیں اگر دو روز میں تنخواہیں پنشن و دیگر واجبات ادا نہ ہوئے تو بلوچستان بھر میں اوزار چھوڑ احتجاج کیا جائے گا۔ جس کی ذمہ داری محکمہ فنانس اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔