پیپلزپارٹی نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، یوسف رضا گیلانی
ملتان (ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیر اعظم اور رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، یقین ہے عوام ہمارے حق میں فیصلہ دیں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھٹو نے ملک کو آئین دیا اور ایٹمی طاقت بنایا، آئین پاکستان کو ہم نے اصل صورت میں بحال کیا، جب ہم نے ترمیم کی آئین میں تو کسی نے بھی اس کی مخالفت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں، کسانوں، خواتین، مرد، مزدوروں سب کے لیے پیپلز پارٹی مشعل راہ بنا رہی ہے، پیپلزپارٹی ملکی مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک جدوجہد کانام ہے، شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ہم الیکشن کے لیے ہمیشہ سے ہی تیار تھے اگر اب صدر پاکستان اور الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔
بعد ازاں ملک واصف مظہر راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا، 9 مئی کے بعد سے پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کی بات کی ہے
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم واصف راں کے دوستوں و احباب کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی اچھا پرفارم کرے گی، ایسی فضا بنانا کے مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتے گی یہ غلط ہے، ہم الیکشن لڑیں گے۔