نگراں وزیراعظم نے پی ٹی وی کی ہزارگی ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز کردیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان کے ثقافتی تنوع کو فروغ دینے کے لیے پی ٹی وی کی ہزارگی ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔منگل کو کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی زبانوں، فنکاروں اور دستکاروں کی ترویج اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا صرف سوئی میں دریافت ہونے والی قدرتی گیس کے ساتھ ساتھ سینڈنگ میں سونے اور چاندی کو بھی جانتی ہے لیکن بلوچستان کا اصل خزانہ اس کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب ہے۔انہوں نے کہا کہ قدیم مہر گڑھ تہذیب اپنی زراعت، ریوڑ پالنے اور دندان سازی کے لیے مشہور تھی جب دنیا کا بیشتر حصہ غیر مہذب تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کی ہزارگی نشریات کے ذریعے بلوچستان کی ایک اور زبان قومی سطح پر شناخت حاصل کررہی ہے۔ انہو ں نےکہا کہ بلوچستان میں ذرائع ابلاغ کے چینلز خصوصاً ٹیلی ویژن اور ریڈیو کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے تمام ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
اظہار رائے کے موثر ذرائع پر زوردیتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہم اپنے ذرائع ابلاغ کے ذریعے اپنی لسانیات، ثقافت، سماجی تنوع اور ترقی کے مثبت پہلووں کو اجاگر کرسکتےہیں۔ انہوں نےکہا کہ قومی فخر وقت کا تقاضا ہے اور عبوری حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ہدف کےحصول کےلئے پاکستان ٹیلی ویژن اور دوسرے قومی ذرائع ابلاغ کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔