بلوچستان کا دکھ ہم سمجھتے ہیں اور بلوچستان کی ترقی ہماری پہلی ترجیح ہے، میر علی حسن زہری

تربت (ڈیلی گرین گوادر) مکران کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ انتخابات میں صوبے کے دوسرے حصوں کی طرح گوادر، تربت، پنجگور کے لوگ بھی پیپلز پارٹی کو اپنے قیمتی ووٹوں سے کامیاب کرائیں گے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما وصدر پی پی ضلع حب اور ترجمان سابق صدر آصف علی زرداری و ضلعی صدر حب میر علی حسن زہری نے تربت میں کامیاب ورکرز کنونشن کے بعد اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ تربت میں ورکرز کنونشن تاریخی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں ورکرز کنونشن کا انعقاد اس علاقے کی اہمیت کا عکاس تھا۔کا کامیاب ورکرز کنونشن کی کامیابی نے مکران کے غیور عوام کا فیصلہ سنا دیا ہے اور کنونشن کی کامیابی پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے روح رواں آصف علی زرداری نے اپنی تقریر میں واضح طور پر کہا کہ بلوچستان کا دکھ ہم سمجھتے ہیں اور بلوچستان کی ترقی ہماری پہلی ترجیح ہے کیونکہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے۔بلوچستان کو آگے بڑھنے کے لئے کسی کی ضرورت ہیں بلوچستان اللہ کی نعمتوں سے مالا مال صوبہ ہے جس میں قیمتی معدنیات کے ساتھ ساتھ دنیا کی ہر نعمت موجود ہے۔ پچھلے ادوار میں بلوچستان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔ مفاد پرستوں نے بلوچستان کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جس کی وجہ سے بلوچستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے بلوچستان کو اس کا جائز حق دے گی۔یہاں کے نوجوانوں کو روزگار سمیت تعلیم اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے۔ہمارے رہنما آصف علی زرداری اور نوجوان بلاول بھٹو زرداری کے دل بلوچستان کے لئے دھڑکتے ہیں اور مستقبل میں کئے گئے تمام وعدے ایفا کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس طرح بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی اور لیڈروں سے محبت کرتے ہیں کوئی شک نہیں کہ جیت پیپلز پارٹی کی ہو گی اور بلوچستان کا وزیراعلیٰ بھی جیالا ہوگاجبکہ پاکستان کے اگلے وزیراعظم انشاء اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ میر علی حسن زہری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تربت میں ورکرز کنونشن کے موقع پر جیالوں اور بلوچستان کے عوام کا جوش و جذبہ قابل دید ا ور عوامی امنگوں کا ترجمان بھی ثابت ہوگا۔ کنونشن میں جس طرح کا جوش و جذبہ نظر آیا وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی ترجمانی کرتا ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کی آبیاری اور آئین کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کیا اور کبھی کسی غیر جمہوری رویے کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن شیڈول جاری ہونا نیک شگون ہے جس سے جیالے ورکروں میں جوش اور بھی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے ورکروں سے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے تیاریاں مزید تیز کردیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے