اسرائیل کے حوالے سے نگراں وزیر اعظم کا موقف انتہائی افسوسناک ہے،حافظ حسین احمد
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے نگراں وزیر اعظم کا موقف انتہائی افسوسناک ہے،اب نگرانوں کی نگرانی کی ضرورت درپیش ہے، وزیر داخلہ کا استعفیٰ جے یو آئی کے موقف اور خدشات کو درست ثابت کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے نگرانوں کی نگرانی کی ضرورت درپیش ہے، نگراںوزیر اعظم اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فارمولہ دینے کے بجائے صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور لیول پلینگ فیلڈ فراہم کرنے کی طرف توجہ دیں۔ انہوں نے نگراں وزیر داخلہ کے استعفا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی نے جو ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفا دیا ہے۔ کاش وہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنمائوں کو ملنے والے تھریٹ کی بنیاد پر استعفا دیتے تو زیادہ بہتر ہوتا اب تو حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ نگراں بھی ادھر ادھر ہورہے ہیں، نگراں وزیر داخلہ کے استعفا سے جے یو آئی کا موقف اور خدشات درست ثابت ہورہے ہیں۔