مناسب تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے بعد عملی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے، گورنربلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ کی اس پروقار اختتامی تقریب میں شرکت میرے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے نیشنل ورکشاپ کے انعقاد سے قومی اور صوبائی سطح کے مسائل ومشکلات کے بارے میں بہتر افہام وتفہیم حاصل کرنے کیلئے راہ ہموار ہو جاتی ہے. انہوں نے کہا کہ مناسب تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے بعد عملی اقدامات اٹھانے کی بھی اشد ضرورت ہے. حقیقی علم وہی ہے جو معاشرے میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لا سکتا ہو اور انسان کو انسان دوست بناتا ہو. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارہویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر بریگیڈیئر سجاد بھی موجود تھے. اختتامی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ کا اصل مقصد معاشرے کے چیدہ چیدہ افراد کو کسی فورم پر اکٹھا کرنا، ان کے استعداد کار میں اضافہ کرنا اور ان کی خوابیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اپنے اپنے شعبہ میں اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کر سکیں. انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے آپ کو قابل اور تجربہ کار اساتذہ اور ماہرین سے سیکھنے کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ مشاہدات اور تجربات کے تبادلہ موقع بھی ملا ہے. انہوں شرکا پر زور دیا کہ نیشنل ورکشاپ کی تکمیل کے بعد آپ کا فریضہ ہے کہ آپ اپنے علاقہ اور محکمہ میں یہاں حاصل ہونے والے علم و تجربہ کو پوری محنت اور دیانت کے ساتھ بروئے کار لائیں تاکہ مجموعی طور پر مثبت نتائج برآمد ہو سکیں توقع کی جا سکتی ہے کہ ورکشاپ کے شرکا ملک و صوبوں میں پائیدار امن، ہم آہنگی، بردباری اور قومی جذبے کے فروغ کیلئے زیادہ متحرک، فعال اور پرجوش کردار ادا کرینگے. انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ مشترک دانش سے ملک وصوبے کی پائیدار سیاسی و معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے. قبل ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے شرکا میں اسناد تقسیم کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے