شیڈول تیار ہے، کبھی نہیں کہا الیکشن میں تاخیر ہو سکتی ہے،سکندر سلطان راجہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول تیار ہے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ انتخابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آج چیف جسٹس سے ملاقات خوش گوار رہی، خبر دینے سے پہلے تصدیق کر لیا کریں، آج ہم نے دو رپورٹس بنائی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد کا کوئی بڑا ایشو نہیں ہے، بڑے بڑے برج الٹ گئے، ڈی سی اسلام آباد کے حوالے سے تمام معاملات کو دیکھا گیا، تحریک انصاف کا مخالف نہیں ہوں، انہوں نے میری نامزدگی کی۔
سکندر سلطان راجہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی آر او سے متعلق کسی کو اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے، الیکشن کمیشن اعتراض پر ریٹرننگ آفیسر کو تبدیل کرسکتا ہے۔