شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت،عدالت نے مقدمہ میں پولیس کے آخری گواہ کا بیان قلمبند کرلیا، آئندہ سماعت پر ملزمہ کا بیان قلمبند،فریقین کے وکلاء کیس کے حوالے سے اپنے حتمی دلائل دیں گے۔ جمعرات کے روز سیشن کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج(VII)کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت پولیس نے مقدمہ میں گرفتار ملزمہ کو عدالت کے روبرو پیش کیا، دوران سماعت شہید صحافی کے اہلخانہ کی جانب سے سینئر قانون دان وسابق سینیٹر ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ کے جونیئر ذوالفقار ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ مقدمہ میں پولیس کے آخری گواہ سب انسپکٹر لطف علی نے معزز عدالت کے سامنے پیش ہوکر مقدمہ سے متعلق اپنا بیان قلمبند کرایا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج(VII)نے آئندہ سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر مقدمہ میں گرفتار ملزمہ کا بیان قلمبند کیا جائیگا جبکہ کیس کے حوالے سے فریقین کے وکلاء حتمی دلائل دیں گے، دوران سماعت بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظور احمد رندایگزیکٹو کے ممبران ودیگر بھی احاطہ عدالت میں موجود تھے۔