سیکرٹری اقلیتی امور بلوچستان نے لسبیلہ کے 12غریب ملازمین کو بلاجواز نوکری سے برخاست کردیا، مکھی شام لعل لاسی

اوتھل(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی اقلیتی رہنما چیئرمین بلوچستان اقلیتی کمیشن سابق رکن صوبائی اسمبلی مکھی شام لعل لاسی نے کہاہے کہ سیکرٹری اقلیتی امور بلوچستان نے لسبیلہ کے 12غریب ملازمین کو بلاجواز نوکری سے برخاست کردیا جو قابل مذمت اقدام ہے سیکرٹری اقلیتی امور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے سیکرٹری اقلیتی امور کسی کا آلہ کار بنکر انکی خوشنودی کیلئے کام کررہاہے لیکن ہم انکے ایسے اقدامات کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایم سی فارم اوتھل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں سیکرٹری اقلیتی امور داؤد بازئی نے ہنگلاج مندر پر تعینات لسبیلہ کے 12ملازمین کو بلاوجہ نوکری سے برخاست کردیا حالانکہ یہ ملازمین اپنی جائے تعیناتی پر ہمیشہ موجود رہتے تھے یہ ملازمین باقاعدہ قواعد وضوابط کے تحت بھرتی ہوئے لیکن کچھ عناصر ان ملازمین کی جگہ پر اپنے لوگ بھرتی کرانا چاہتے تھے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہ ہوسکے اور سابقہ سیکرٹری اقلیتی امور نے میرٹ پر ان ملازمین کو تعینات کیا شروع ہی سے کچھ لوگ ان ملازمین کی تعیناتی کے خلاف تھے اور انہوں نے مختلف حربے بھی استعمال کئے لیکن وہ ہر جگہ پر ناکام رہے نگران حکومت میں داؤد بازئی کو سیکرٹری اقلیتی امور تعینات کیا گیا جو مکمل طور پر جانبدرہیں اورون مین شوکا کردارادا کررہے ہیں اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ دیوالی کے موقع پر ہندوبرادری کے مستحقین کیلئے فندز جاری کرنے کیلئے درخواست بھی دی اور ہماری سابقہ حکومت کی ترقیاتی اسکیمیں جو پی ایس ڈی پی میں شامل تھیں لیکن سیکرٹری اقلیتی امور نے نہ ان مستحقین کو فندز جاری کئے بلکہ ہم اقلیتی ممبران کی ترقیاتی اسکیمیں بھی روک دیں مکھی شام لعل لاسی نے مزیدکہاکہ برخاست کئے گئے ملازمین انتہائی غریب ہیں انکی حالت زار دیکھ کر دکھ ہوتاہے اور اب تو یہ نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں سیکرٹری اقلیتی امور کسی کی ایماء پر کام کررہے ہیں اور مجھے یوں محسوس ہوتاہے کہ وہ اقلیتوں کے سیکرٹری نہیں بلکہ کسی کے ذاتی آلہ کارہیں اور انکی تعیناتی کے بعد اقلیتوں کی فلاح وبہبود کا کوئی کام نہیں ہوااور اب انہوں نے راتوں رات لسبیلہ کے ان غریب 12ملازمین کو نوکری سے ہی نکال دیا جسکے فوری بعد یہاں کے لوگوں نے سیکرٹری اقلیتی امور کے اس غیرقانونی اقدام کے خلاف احتجاج کیا اور سیکرٹری اقلیتی امورکے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی اسکے بعد ان متاثرہ نوجوانوں اور انکے اہلخانہ نے مجھ سے رابطہ کیا تو میں نے انکو تسلی دی کہ آپ لوگوں کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کروں گا لیکن مذکورہ سیکرٹری کسی کی بات سننے کو تیارنہیں میں آج اس پریس کانفرنس کے توسط سے وزیر اعلیٰ بلوچستان اورچیف سیکرٹری بلوچستان سے یہ مطالبہ کرتاہوں کہ وہ اس جانبدار سیکرٹری کے غیرقانونی اقدامات کا نوٹس لیکر ان غریب ملازمین کو فوری طوراپنی ملازمت پر بحال کریں اور انکے ساتھ ہونے والی ناانصانی کا ازالہ کریں۔اس موقع پر جمعیت علماء اسلام لسبیلہ و حب کے سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد مدنی،میونسپل کمیٹی اوتھل کے کونسلر جیرام داس عرف جیرو،جنرل کونسلر جیٹھامل لاسی،رام لعل لاسی،جاوید بلوچ اور دیگر موجود تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے