سائفر کیس کی کارروائی پرنٹ الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی کارروائی پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کر تے ہوئے تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

خصوصی عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق کیس کی پرنٹ الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر کوئی کارروائی نشر نہیں ہو گی۔

فیصلے کے مطابق پیمرا اور پی ٹی اے کو اس حوالے سے پابندی کی ہدایت کر دی گئی ہے، اگر کوئی بھی خلاف ورزی ہوئی تو اس پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی، پیمرا اور پی ٹی اے کو عدالتی حکم کی کاپی فراہم کی جائے تاکہ آئندہ خلاف ورزی نہ ہو۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سائفر کیس کے ٹرائل ان کیمرہ کرنے کی پراسیکیوشن کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی فیملی مشروط موجود ہو گی ، تاہم شرط ہو گی کہ عدالتی کارروائی کو فیملی ممبران کسی جگہ بیان نہیں کریں گے ۔تحریری حکم نامہ کے مطابق ٹرائل کی کارروائی کے دوران پبلک موجود نہیں ہو گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے