بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کوئٹہ سے گرفتار
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بیرون ملک ملازمت کے نام پر انسانی اسمگلنگ کرنے والے ملزم کو کوئٹہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر بلوچستان زون عمران محمود کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ میں ایک کارروائی کے دوران چھاپا مار ٹیم نے انسانی اسمگلر مجتبیٰ کو گرفتار کرلیا۔
ملزم بیرون ملک ملازمت کا جھانسا دے کر لاکھوں روپے وصول کرتا اور انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھا۔ ملزم مجتبیٰ نے سادہ لوح شہری کو بیرون ملک آسٹریلیا بھجوانے کے نام پر 35 لاکھ روپے ہتھیائے اور شہری کو آسٹریلیا کا جعلی ویزا دیا۔ملزم نے بغیر لائسنس کے سادہ لوح شہریوں سے پاسپورٹس وصول کیے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔