ملک کی حفاظت کیلئے افواج پاکستان اور عوام ایک پیج پر ہیں،سراج الحق
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمہ کے لیے قومی وحدت کی ضرورت ہے، افراتفری اور سیاسی انتشار رہے گا تو ملک دشمن عناصر اس سے فائدہ اٹھائیں گے، معیشت مزید کمزور ہوگی۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان دہشت گردی واقعہ میں سیکیورٹی فورسز کے 23 جوانوں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے، ملک کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان اور عوام ایک پیج پر ہیں، پاکستان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا، عوام نے حوصلہ نہیں ہارا، مشکل مراحل قوموں پر آتے رہتے ہیں، اللہ تعالی نے مشکلات کے بعد آسانیوں کا وعدہ فرمایا ہے۔ قرطبہ سٹی اسلام آباد میں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمہ کے لیے قومی وحدت کی ضرورت ہے، افراتفری اور سیاسی انتشار رہے گا تو ملک دشمن عناصر اس سے فائدہ اٹھائیں گے، معیشت مزید کمزور ہوگی۔ مضبوط پاکستان کے لیے مضبوط جمہوری نظام ناگزیر ہے، قانون کی حکمرانی سے ہی استحکام آئے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ جاپان پر ایٹم بم استعمال ہوا مگر اچھی حکمرانی کی وجہ سے جاپانی قوم نہ صرف بہت قلیل عرصہ میں اوپر اٹھی بلکہ ملک دنیا میں ایک سپرطاقت کے طور پر ابھرا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ معاشروں اور ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اہل اور ایمان دار قیادت اولین ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں گزشتہ 76برسوں سے ظالم جاگیرداروں، کرپٹ سرمایہ داروں اور چند خاندانوں کا تسلط قائم رہا، 35سال ڈکٹیٹروں تو بقیہ عرصہ سیاسی پارٹیوں کی نام نہاد جمہوری حکومتوں نے ضائع کیا، اس عرصہ میں حکمرانوں نے قومی کی بجائے ذاتی مفادات پر توجہ دی، اپنے لیے جائیدادیں بنائیں، شوگر ملوں اور بیرون ممالک دولت میں اضافہ کیا، اپنا مستقبل بنایا اورقوم کا تباہ کیا۔ حکمران اشرافیہ نے سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر پروان چڑھایا۔ انھوں نے کہا کہ گولی اور گالی دلیل کا مقابلہ نہیں کر سکتی، سیاست میں جمہوری رویوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔