مرتضیٰ بھٹو قتل کیس، سابق پولیس افسران شعیب سڈل، واجد درانی و دیگر طلب

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں پر سابق ڈی آئی جی کراچی شعیب سڈل، ذوالفقار احمد، ظفراقبال اور دیگر کو طلب کرلیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بینظر بھٹو کے بھائی مرتضی بھٹو کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ سابق پولیس افسر واجد درانی پیش ہوگئے جنہیں وہیل چیئر پر عدالت لایا گیا۔ ملزم سابق پولیس اہلکار گلزار خان، احمد خان اور دیگر پیش ہوگئے۔

وکیل نے موقف دیا کہ شعیب سڈل ملک سے باہر ہیں انہیں پیش ہونے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے سابق ڈی آئی جی کراچی شعیب سڈل، ذوالفقار احمد، ظفراقبال اور دیگر کو طلب کرلیا۔وکیل نے بتایا کہ سابق پولیس شاہد حیات، شبیر احمد قائم خانی، مسلم شاہ کچھ ملزمان کو انتقال ہوگیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جن ملزمان کو انتقال ہوچکا ہے ان کی بھی تصدیق کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

عدالت نے فوت ہونے والے ملزمان کی تصدیق کے بعد ایس ایس پی ایسٹ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس بہت پرانا ہوگیا ہے، سب ملزمان اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوں۔ آئندہ سماعت پر اپیل کی باقاعدہ سماعت کریں گے۔ملزمان کی فہرست میں ذوالفقار احمد، آغاجمیل، غلام مصطفیٰ، احمد خان، راجہ حمید، گلزار خان، غلام شبیر، ظفراقبال، فیصل حمید شامل ہیں۔ عدالت نے سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے