خان شہید نے صوبے میں صحافت کی بنیاد رکھی اور عوام کی بھرپور ترجمانی کی، پشتونخوامیپ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ کی زیر صدارت شعبہ اطلاعات ونشریات ضلع کوئٹہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات نصیر ننگیال، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری ولی بریالی، ضلعی ایگزیکٹیوز وپریس کمیٹی کے اراکین غلام اولسیار، عطاء اللہ امیری،شکیل افغان، تحصیل صدر، تحصیل سریاب، تحصیل سٹی اورتحصیل کچلاغ کے اطلاعات سیکرٹریزومعاونین اورمختلف علاقائی یونٹوں کے اطلاعات سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی شعبہ نشرواشاعت کی رپورٹ پیش کی گئی اور رپورٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے ہر تحصیل میں علاقائی وابتدائی یونٹوں کے اطلاعات سیکرٹریزکا مشترکہ اجلاس طلب کرنے، کارکنوں کی سوشل میڈیا کے استعمال اور پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے شعبے میں رہنمائی کرنے، ہرمہینے میں سیمینار کو منعقد کرنے، سوشل میڈیا سے متعلق قوائد وضوابط بنانے اور اس پر عملدرآمد کرنے، اطلاعات کے شعبے میں کارکنوں کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے اور انہیں بروئے کار لانے، پرنٹ والیکٹرانک میڈیا پر پارٹی کوریج کی بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دینے، ہرتحصیل اور علاقائی یونٹ کا اپنا فیس بک پیج بناکر اس کے ذریعے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں اور پروگرام کو عوام تک پہنچانے سمیت مختلف فیصلے کیئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نصیر ننگیال، ولی بریالی اور فیصل کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی جس نے اس صوبے میں صحافت کی بنیاد رکھی، صوبے کو پریس ایکٹ دیکر یہاں پر پرنٹنگ پریس قائم کیا اور استقلال کے نام سے اخبار کا اجراء کیا۔صحافت، ادب، پشتوزبان، لیک دود کیلئے خان شہید کی کاوشیں ان کی جدوجہد پرہم انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کیونکہ خان شہید نے پشتون قوم سمیت تمام محکوم اقوام ومظلوم عوام کی ترجمانی، ان کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ساتھ ہی سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے ہر فورم پر اپنے عوام کی نمائندگی کی اور آج بھی پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کی قیادت میں نہ صرف عوام کی بہترین ترجمانی کررہی ہے بلکہ اس خطے، ملک اور پشتونخواوطن کی جو صورتحال ہے اس پر محمود خان اچکزئی کا موقف اور بیانیہ کو ملکی وبین الاقوامی سطح پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں پرنٹ والیکٹرانک میڈیا پر پارٹی کے بیانیہ کو اس لیئے عوام تک نہیں پہنچایا جاتا کہ پارٹی اس ملک میں آئین کی بالادستی کی بات کررہی ہے، جمہورکی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خود مختاری، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، ہر قوم کے وسائل پر ان کے واک واختیار کو تسلیم کرنے، داخلہ وخارجہ پالیسوں کی عوام کے منتخب پارلیمنٹ سے تشکیل، صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات، آئین میں دیئے گئے دائرہ کار ودائر اختیار کے اندر ہر ادارے کو اپنے فرائض کی انجام دہی کا پابند ہونے، پشتونوں کی قومی وحدت، متحدہ صوبے کی تشکیل، پشتون عوام کے سرومال کی تحفظ، ان کے کاروبار، تجارت، روزگار کے مواقع فراہم کرنے، ان کے وسائل پر غیروں کی الاٹمنٹ کی قبضہ گیری کے سلسلے کی روک تھام اور پشتونوں کو اپنے وسائل پر واک واختیار دلانے کی بات کررہی ہیں ایسے میں پرنٹ والیکٹرونک میڈیا میں وہ لوگ بھی موجود ہیں جو پشتونخواملی عوامی پارٹی کے اس بیانیہ، پروگرام سے قطعاً اتفاق نہیں رکھتے اور نہ ہی وہ ایسا چاہتے ہیں شاید ان کی مجبوریاں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنی صلاحیتوں کو دوبالا کرنے کیلئے مطالعہ کرے وہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی سوانح عمری کا مطالعہ کرے اور ساتھ ہی ہر کتاب کے مطالعے کو اپنی زندگی کے معمول کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ضلع کوئٹہ کے تمام علاقائی یونٹ کے اطلاعات کے شعبوں کو فعال بناکر انتہائی آسانی کے ساتھ پارٹی چیئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی کے بیانیہ اور پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچا سکتے ہیں، آج جدید سائنس و ٹیکنالوجی نے پیغام رسائی کے کام کو انتہائی آسان بنادیا ہے، اس سوشل میڈیا، موبائل کے درست اور مثبت استعمال کے ذریعے ہم اپنے عوام کے مسائل کو اجاگر کرسکتے ہیں، ان کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں، اپنی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کو کامیابی کے ساتھ ہمکنار کرکے اپنے قومی اہداف کے حصول کو یقینی بناسکتے ہیں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے کارکن سوشل میڈیا کو بہتر انداز میں استعمال کرکے بیشک وہ اپنے ذاتی آئی ڈیز کا استعمال کرتے ہو لیکن ان کی پہچان پشتونخوامیپ کے کارکن کی حیثیت سے ہوتی ہے۔ کارکنوں کے سیاسی شعور میں مزید اضافہ کیلئے سیمینارز کا انعقاد خوش آئند ہے لیکن ایک بہتر کارکن بننے کیلئے ہر فرد کو خود میں تبدیلی لانی ہوگی اور پہلی بنیاد کے طور پر خود کو ایک بہتر سیاسی کارکن بنانا ہوگا۔ آخر میں تحصیل کے سطح پر اجلاسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق تحصیل صدر 17دسمبر، تحصیل سریاب 22دسمبر، تحصیل کچلاغ 24دسمبر، تحصیل سٹی 31دسمبر جبکہ ہر مہینے کے دوسرے ہفتے میں اتوار کے دن شعبہ اطلاعات ونشریات کے زیر اہتمام کارکنوں کے سیمینار کا انعقاد ہوگا۔ جس میں تمام علاقائی اطلاعات سیکرٹریوں کی حاضری ضروری ہے تاکہ پارٹی پریس کا شعبہ مزید بحال و فعال ہو۔