کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن کے ٹریک کی حالت خستہ ہوگئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن کے ٹریک کی حالت خستہ ہوگئی،ایران جانے اور آنے والی مال گاڑی کی بوگیوں کے پٹڑی سے اترجانے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، ریلوے ٹریک کی تبدیلی کیلئے پی سی ون بھی منظور ہوچکا ہے لیکن ریلوے کے خسارے کے باعث عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے تفتان تک 612کلومیٹر ریلوے ٹریک تقریبا 130 سال پرانی ہوچکی ہے،ایران سے ٹرین کے راستے اشیا کی درآمد وبرآمد اسی سیکشن کے ذریعے کی جاتی ہے، تاہم اس سیکشن کی مرمت اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ٹریک کی حالت خستہ ہوگئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے تفتان کیلئے ایک ماہ میں اوسط پندرہ مال گاڑیاں جاتی اور آتی ہیں،، لیکن ٹریک کی خستہ حالی کی وجہ سے ٹرین 20سے 25 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے سفر کرتی ہے جس کی وجہ تفتان تک سفر میں تین سے پانچ روز لگ جاتے ہیں، چاغی کے علاقے پدگ سے دالبندین تک تمام ٹریک ریت پر تعمیر ہونے اور ہوائین چلنے کے باعث ریت کے بڑے بڑے ٹیلے ریلوے لائن پر آجانے سے مال گاڑی کی بوگیوں کے پٹڑی سے اترجانے کے واقعات معمول بن گئے ہیں، ریلوے حکام نے بتایا کہ مال گاڑی کی بوگیوں کے پٹڑی سے اترجانے کے واقعات پیش نظر ریسکیو اسٹاف کو ٹرین کے ہمراہ بھجوایا جاتا ہے، ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کی تبدیلی کیلئے پی سی ون منظور بھی ہوچکا ہے لیکن ریلوے کے مالی خسارے کے باعث اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے