پی ٹی آئی نے افغانوں کو بطور ووٹر رجسٹر کرایا، آصف زرداری

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ’آج ہوں ، کل ہوں، پرسوں ہوں الیکشن ضرور ہونا ہے، 8 سے 18 فروری ہوجائے، لیکن ہونا تو ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آٹھ نہ ہو اٹھارہ ہوجائے، یا آٹھ سے ایک دن پہلے ہوجائے، ہونے تو ہیں‘۔ پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا یا تاریخ کو آگے پیچھے کرنا الیکشن کمیشن کے اختیار ہے، میرے اختیار میں نہیں ہے۔

الیکشن کی تاریخ آگے پیچھے ہوسکتی ہے؟ اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ اس کے اختیار میں ہے، الیکشن کمیشن کے اختیار میں ہے، میرے اختیار میں نہیں ہے، آپ کے اختیار میں نہیں ہے ، وہ آئین کے مطابق جو کرنا چاہے کر سکتا ہے، وہ پیریڈ شارٹ بھی کرسکتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر انتخابات آٹھ دس دن آگے جاتے بھی ہیں تو میرے حساب سے کوئی فرق نہیں پڑتا، مگر اس سے زیادہ نہیں‘۔انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی نے بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کو ووٹر لسٹوں میں شامل کیا، یہ معاملہ اتنا سنگین ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے پاس جاسکتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن خود بھی اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڈلہ پلس اور لاڈلہ عمران خان ہی ہیں ان کا اشارہ نواز شریف کی طرف نہیں ہے۔آصف علی زرداری نے بتایا کہ عدم اعتماد کے دنوں میں عمران خان نے انہیں ایک دوست کے زریعے پیغام بھجوایا کہ آدھا وقت حکومت ہم کرتے ہیں اور آدھا وقت آپ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے