غیرشرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیرشرعی نکاح کیس کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار خاورمانیکا عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے کہا کہ خاورمانیکا کو زنا کے حوالے سے بتایا گیا۔جج قدرت اللہ نے کہا کہ خاورمانیکا کا بیان آپ دیکھ لیں، کچھ بھی نہیں ہے بیان میں، قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ دو گواہان لازم ہیں، کیا میڈیکل ثبوت موجود ہے؟

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ خاورمانیکا کو ملا کر دو گواہان بن گئے، میڈیکل کی ضرورت نہیں ہوگی، زنا کے کیس میں طبی معائنے کے حوالے سے مختلف وضاحتیں ہیں۔سول جج قدرت اللہ نے کہا کہ خاورمانیکا کو آدھا شکایت کنندہ اور آدھا گواہ تو نہیں بنا سکتے۔

وکیل درخواست گزار نے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی۔وکیل درخواست گزار نے کیس قابلِ سماعت ہونے پر دلائل مکمل کرلیے جس کے بعد عدالت نے غیرشرعی نکاح کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے