اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم سے بلوچستان کے مقامی اخبارات شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں،بلوچستان ایڈیٹرز کونسل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ایڈیٹرز کونسل کا اجلاس زیر صدارت صدر ایڈیٹرز کونسل میجر(ر) نذر زمرد منعقد ہوا،اجلاس میں موجودہ حالات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی گئی،اجلاس میں جرائد اور اخبارات کو جاری ہونیوالی اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم پر تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ بلوچستان میں اخباری صنعت سے کئی افراد وابستہ ہیں جن سے ان کا گزر بسر ہورہا ہے لیکن اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم سے بلوچستان کے مقامی اخبارات شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں جس کی وجہ سے ایک طرف تو ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ممکن نہیں رہی تو دوسری جانب پریس اور دفتری اخراجات میں مہنگائی کی وجہ سے دو چند اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے اخبار مالکان شدید مسائل سے دوچار ہیں،بد قسمتی سے بلوچستان حکومت کی خبروں کو کوریج دینے اور مقامی مسائل کو اجاگر کرنیوالی اخبارات اور جرائد پر غیر مقامی اخبارات اور جرائد کو اشتہارات میں ترجیح دی جاری ہے جو کہ مقامی صنعت سے وابستہ افراد کے معاشی قتل کے مترادف ہے،اجلاس کے شرکاء نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری اور سیکرٹری انفارمیشن سے دست بستہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اخباری صنعت جو کہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے شعبہ ہے اس کو اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کے ذریعے مزید مسائل سے دو چار ہونے سے بچایا جائے تاکہ اس صنعت سے وابستہ لوگوں کا نہ صرف روزگار چل سکے بلکہ بلوچستان کے مسائل اجاگر کرنیوالی ان اخبارات اور جرائد کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ حکومتی خبریں اور بلوچستان کے مسائل اجاگر کرنے میں مقامی اخبارات و جرائد اپنا کردار بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے